مقبوضہ بیت المقدس(ای پی آئی ) کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ سینچری بنا کر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستانی بیٹسمین محمد رضوان کی جانب سے اپنا ایوارڈ فلسطینی بھائیوں کے نام کرنے پر جہاں بھارتی انتہاء پسند وں کو آگ لگا گیا وہیں صہیونی ریاست کو بھی آگ لگی

جس کا اظہار اسرائیلی حکومت نے گذشتہ روز پاکستان کی بھارت سے شکست پر خوشی اظہار کرتے ہوئے محمد رضوان پر طنز کیا ۔

اسرائیلی حکومت کے سرکاری ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بھارت سے پاکستان کی شکست پر بیان میں اسرائیلی حکومت نے کہا کہ ہم خوش ہیں کہ بھارت نے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اپنی فتح حماس کے دہشت گردوں کے نام کرنے کے قابل نہیں رہا۔ بھارت کے دوستوں نے جس طرح ہم سے اظہار یکجہتی کیا اس نے بہت متاثر کیا۔

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی تھی۔ میچ میں 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے محمد رضوان نے پاکستانی ٹیم کی جیت غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سامنا کرتے فلسطینیوں کے نام کی تھی۔