اسلام‌آباد(ای پی آئی) میاں محمد رؤف عطا، صدر، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنماؤں، وڈیرہ مولوی غلام سرور موسیانی اور مولوی امان اللہ کے بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہفتہ کے روز بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں صدر سپریم کورٹ‌بار نے کہا ہے کہ ان ہولناک قتل و غارت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ واقعہ محض رسمی مذمتی الفاظ تک محدود نہیں بلکہ اس کی فوری اور گہرائی سے تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ حملہ آوروں کو شناخت کرکے جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے شرپسندانہ اقدامات کو ہر صورت میں ابتدا ہی میں روکنا ناگزیر ہے۔

صدر نے ملک بھر میں رائج افسوسناک "امن و امان” کی صورتحال کو بھی اس کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کی حفاظت اور سکون کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ہمارے دل ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس بدقسمت واقعے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔