اسلام آباد (اکرم عابد) پاکستان نے اہم شخصیات و اعلی قیادت کیلئے غیر ملکی تحائف نہ لینے کا فیصلہ کرلیاہے.
توشہ خانہ کمیٹی نے شراکت داروں سے مشاورت کے بعد رپورٹ تیار کرلی ہے اس رپورٹ کی وزیراعظم شہبازشریف کی منظوری کے بعد باضابطہ اعلان کردیا جائے گا.
وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ توشہ خانہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے سیکرٹریز و حکام نے شرکت کی.
اس ادارے کے نمائندہ خصوصی سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے بتایا کہ تمام شراکت داروں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ غیر ملکی تحائف کےحوالے سے ہمیں تنازعات سے بچناچاہیئے سب کو معلو م ہے کہ اس حوالے سے ہمیشہ ملک میں تنازعہ کھڑا ہوتارہاہے.
یاد رہے کہ غیر ملکی تحائف کے حوالے سے سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، یوسف رضا گیلانی،عمران خان اور صدر آصف زرداری ، مریم نواز شریف اور دیگر سیاستدانوں کو میڈیا ٹرائل کا سامنا کرنا پڑا اور اس حوالے سے کئی لوگوں کو عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑا کیونکہ ان پر الزامات آئے کہ انہوں نے توشہ خانہ سے بی ایم ڈبلیوگاڑیاں، گھڑی ،جوس اور فروٹس سستے داموں گھروں کو لے گئے.
جب اس بارے میں خواجہ آصف سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم یہی چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے کسی پرحرف نہ آئے اس لئے ہم معزز میزبان ممالک سے درخواست کریں گے کہ پاکستانی شخصیات کو تحائف دینے سے گریز کیا جائے،،،