1
حکومتی معاشی ٹیم اورآئی ایم ایف کے درمیان ایگری کلچر انکم ٹیکس پر مذاکرات شروع ہو گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سے شروع ہونیوالے مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اس ہفتے کے دوران آئی ایم ایف وفد مذاکرات میں نئی شرائط اور تجاویز دے گا، شرائط اور تجاویز پر حامی بھرنے کی صورت میں ہی قرض کی اگلی قسط موصول ہو گی۔
بینک آفس میں صوبائی حکام، وزارت خزانہ، ایف بی آر کے افراد شریک ہیں، سورن ویلتھ فنڈز ایکٹ میں ترمیم اور ریگولیشنز پر بھی وفد سے مذاکرات شیڈول ہیں، وزارت توانائی اور نیپرا حکام گردشی قرضہ اور ٹیرف ریبیسنگ پر وفد سے بات چیت کریں گے۔
2
سپریم کورٹ میں 9 اور 10 مئی کے رواں اور آئندہ ہفتے مقرر تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیئے گئے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مقدمات کی سماعت کی۔دوران سماعت سینئر وکیل ذوالفقارنقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مجھے 9 مئی مقدمات میں وکیل مقرر کیا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ تیاری کیلئے وقت دیا جائے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ نو مئی کے مقدمات تو کل اور پرسوں بھی مقرر ہیں، گزشتہ سماعتوں پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر پیش ہو کر وقت مانگتے رہے، آج آپ وقت مانگ رہے ہیں، ایسے نہیں چلے گا، یہ کوئی ایک کیس نہیں، 50 کے قریب اپیلیں ہیں۔وکیل ذوالفقار نقوی نے کہا کہ رواں ہفتے کے مقدمات ملتوی کر دیں، آئندہ ہفتے والوں کی تیاری کر کے آؤں گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ اپیلیں کیس منتقلی کے حوالے سے بھی ہیں، کیس منتقلی کا معاملہ ختم ہو چکا اس پر حکومت سے ہدایات لے لیں جس پر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ جج کا تبادلہ ہو چکا صرف جرمانے اور کچھ آبزرویشنز کی حد تک اپیل کی پیروی کریں گے۔بعدازاں سپریم کورٹ میں 9 اور 10 مئی کے رواں اور آئندہ ہفتے مقرر تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیئے گئے، عدالت نے پنجاب حکومت کی مہلت کی استدعا منظور کر لی اور کہا کہ تمام مقدمات کی سماعت عید کے بعد ہوگی۔
3
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے، مشترکہ اجلاس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، اجلاس کا واحد ایجنڈا صدر مملکت کا خطاب ہوگا اور اس کے علاوہ کوئی دیگر کارروائی نہیں کی جائے گی، صدر مملکت کے خطاب کے اختتام پر اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا جائے گا۔ صدر مملکت کے خطاب کے ساتھ ہی دوسرے پارلیمانی سال کا بھی آغاز ہو جائے گا، مشترکہ اجلاس میں آصف علی زرداری حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کرنے کے ساتھ تجاویز بھی دیں گے۔
4
وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی آج ملاقات طے، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا .وزیراعظم شہبازشریف اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری آج شام کو وزیراعظم ہاؤس میں ملیں گے، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومتی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔دونوں بڑی حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان دیرینہ مسائل زیرغور آئیں گے۔
5
خواتین ججز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدلیہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی خوش آئند ہے، خواتین ججز کی خدمات کو تسلیم کرنا ہمارا فرض ہے۔صنفی مساوات اور عدلیہ میں خواتین کی شمولیت ایک مثبت پیش رفت ہے، انصاف کی فراہمی میں خواتین ججز کا کردار قابل ستائش ہے، عدالتی نظام میں شفافیت اور انصاف کے فروغ میں خواتین کا کلیدی کردار ہے، خواتین وکلاء اور ججز کیلئے مزید سازگار ماحول فراہم کریں گے۔
6
مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، شرح سود میں کمی کا امکان ,اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ 2 ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح سود میں کمی یا اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کرے گی۔ماہرین کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کا امکان ہے۔
7
کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ,پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ میں تانڈہ ڈیم کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا، شہید ہونے والے اہلکار ڈیوٹی سے واپس گھر آ رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ کے علاقے تاندہ ڈیم کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور فائرنگ سے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمان نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کے سپوتوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔
8
سپر ٹیکس کیس کی سماعت کرنے والا آئینی بنچ ٹوٹ گیا جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی، بنچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عامر فاروق شامل تھے۔سماعت شروع ہوئی تو بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ پر فیصلہ دے چکے ہیں، جسٹس عامر فاروق کیس نہیں سن سکتے۔دوران سماعت کمپنی وکلاء نے کیس کی سماعت عید الفطر کے بعد کرنے کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کردی۔
9
پاکستان تحریک انصاف نے 22 مارچ کو مینار پاکستان جلسے کی اجازت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری نے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے اور 22 مارچ کو جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
10
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیسز میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کی رخصت کے باعث 26 نومبر احتجاج سے متعلق 31 کیسز میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی عبوری ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کی گئی۔
11
سابق رہنما پی ٹی آئی شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں نامعقول مشوروں کی وجہ سےغلط فیصلےہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہےکہ وہ ایک فیصلےپرٹکتی نہیں، عمران خان کو نامعقول مشورے دیئے جاتے ہیں۔نامعقول مشوروں کی وجہ سےغلط فیصلےہورہےہیں،سندھ میں پیپلزپارٹی کی کارکردگی سےمایوس ہوا ہوں،میں خود کوتو پی ٹی آئی میں ہی سمجھتا ہوں، جن لوگوں نےپارٹی کودھوکہ دیا اورپیسےلیےوہ پارٹی میں ہے۔
سازشیں کرنےوالا فتنہ گروپ پارٹی میں غلط فیصلےکروارہا ہے، پچھلی دفعہ بھی پی ٹی آئی ایم این ایزکودو،دوارب کی آفرہوئی تھی، اب پھرسن رہا ہوں ایم این ایزکوپیسوں کی آفرہورہی ہے۔ میں نےبانی پی ٹی آئی کےلیے دوارب چھوڑ دیئےتھے، ان کی نشست پر پیسہ لینا میرے لیے حرام ہے۔
12
خیبرپختونخواحکومت کی کارکردگی پر مقامی رہنما اور کارکنان ناخوش، اعلامیہ جاری کردیا .اجلاس کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ تیسری بار پی ٹی آئی کی حکومت ہے اب بھی پشاور اہم مسائل سے دوچار ہے، اعلامیہ پشاور شہر کے مختلف حلقوں میں ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کیا جارہا ہے، شہر میں سیورج کا ںظام تباہ ہے بارشوں کے بعد شہر سیلاب کا منظر پیش کرتا ہے۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈبلیو ایس ایس پی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے صفائی کا نظام درہم برہم ہے، پشاور کے کئی علاقے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، بیشتر علاقے سٹریٹ لائٹنگ سے محروم ہے، کاروباد کے موقع فراہم کئے جائیں۔
13
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حامدالحق کی شہادت پر مجھے احساس ہورہا تھا کہ یہ حملہ میرے گھر اور مدرسے پر ہوا۔ آج دارالعلوم حقانیہ کے در و دیوار غمزدہ ہیں، مولانا سمیع الحق کے بعد ان کے بیٹے مولانا حامدالحق کو بھی شہید کردیا گیا، عالم دین کے خلاف بندوق اٹھانا جہاد نہیں دہشتگردی ہے، ایسے لوگ مجاہد نہیں قاتل اور مجرم ہیں۔
جب مجھے خبر ملی کہ مولانا حامدالحق کو شہید کردیا گیا ہے تو ان کی تصویر میری آنکھوں کے سامنے آگئی، ہمارا اس بات پر عقیدہ ہے کہ موت وقت مقررہ پر آئے گی لیکن جدائی قابل برداشت نہیں ہوتی، تاہم صبر کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ حامدالحق کی شہادت پر مجھے احساس ہورہا تھا کہ یہ حملہ میرے گھر اور مدرسے پر ہوا، مجھے کچھ معلومات ملی تھیں کہ دارالعلوم حقانیہ پر آپریشن کی تیاری ہورہی ہے، جس پر میں نے ریاستی ذمہ داروں کو کہا تھا کہ ایسا ہوا تو بہت مہنگا پڑےگا۔
جمعیت علما اسلام اسلحہ کی سیاست نہیں کرتی، ایک عالم دین کو شہید کرنا جہاد نہیں، ایسا کرنا دہشتگردی ہے، اسلام میں ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل کہا گیا ہے۔دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خطاب
14
کراچی میں جرائم سے تنگ شہریوں کی برداشت کی ہمت بھی جواب دے گئی۔کراچی کے شہریوں نے 2 مختلف واقعات میں 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب شہری کی فائرنگ سے 2 مبینہ ڈاکومارے گئے، شفیق موڑ کے قریب گارڈ کی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو مارا گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کی لاشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور مزید تفتیش شروع کردی۔
15
کچے کے بدنام زمانہ ڈاکو اعجاز بروہی نے 5 ساتھیوں سمیت گرفتاری دیدی .ڈی آئی جی ناصر آفتاب کے مطابق گڑھی یاسین کے کچے سے بدنام زمانہ ڈاکو نے 5 ساتھیوں سمیت گرفتاری پیش کردی، گرفتاری پیش کرنے والوں میں بدنام زمانہ ڈاکو اعجاز بروہی، گلزار بروہی، خادم بروہی، اسلم بروہی، راجہ بروہی اور نادر بروہی شامل ہیں۔ناصر آفتاب نے مزید بتایا کہ گرفتاری پیش کرنے والے ڈاکو 50 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، کچے کے ڈاکو جرائم کی دنیا کو چھوڑ کر گرفتاری پیش کریں ہم ان کو مکمل قانونی معاونت فراہم کریں گے۔
16
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت زون میں آغاز ,کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی، 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 048 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا ہے۔
17
گوادر ایئر پورٹ سے متعلق غیر ملکی میڈیا کا پراپیگنڈا بے نقاب ,مغرب کے معروف میڈیا کی جانب سے گوادر ایئرپورٹ کے خلاف پراپیگنڈا شروع کیا گیا اور مغربی میڈیا نے سی پیک کے خلاف بھی غلط بیانیہ اختیار کیا تاہم گوادر کے خلاف ہونے والے عالمی پراپیگنڈے کو مقامی میڈیا نے بےنقاب کر دیا اوربتایا گیا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہے۔20 جنوری 2025 سے 26 فروری 2025 تک گوادر سے 42 پروازیں ہفتے میں تین دن آپریٹ ہوئیں، گوادر سے کراچی اڑان بھرنے والی پروازوں کی تعداد 14 تھی جن سے 542 مسافروں نے استفادہ کیا جبکہ کراچی سے گوادر بھی 14 پروازیں روانہ ہوئیں جن میں 493 مسافروں نے سفر کیا۔
گوادر سے مسقط 7 پروازوں نے اڑان بھری جن سے 299 مسافر روانہ ہوئے جبکہ مسقط سے گوادر آنے والی پروازوں کی تعداد بھی 7 تھی جن میں 203 مسافر گوادر پہنچے۔اس طرح گوادر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر ایک ہزار 537 مسافروں نے استفادہ کیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ گوادر ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔