پشاور(ای پی آئی ) خیبرپختونخوا کےصوبائی دارالحکومت پشاورکے علاقے میں پولیس ناکے پر فائرنگ سے 2 اہل کار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

پشاور کے علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے ناکا بندی کررکھی تھی کہ مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر 4 اہل کار زخمی ہو گئے، جنہیں خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 زخمی پولیس اہل کاروں کو اسپتال لایا گیا، جہاں 2 پولیس اہل کار جانبر نہیں ہو سکے جب کہ 2 زخمی اہل کار زیر علاج ہیں۔

ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال سجاد خان کے مطابق شہید ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل واجد اور ڈرائیور فرمان شامل ہیں۔ جب کہ فیروز اور سیار زخمی ہیں، جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔