1
سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی، 6 خوارج ہلاک،سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں کارروائی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 6 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک خوارج کے زیر قبضہ اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف اہم سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
2
حکومت کا گوادر پورٹ کو مکمل آپریشنل کرنے کا فیصلہ،وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصراحمد شیخ نے اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل میری ٹائم پالیسی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بحری امور کا شعبہ معاشی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے بحری تجارت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور دیگر بندرگاہوں پر انتہائی مہارت رکھنے والی ٹیم موجود ہے جو بحری معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میری ٹائم سیکٹر مستقبل میں پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
3
پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق،روس کے اول نائب وزیر برائے توانائی پاول سوروکن نے 6 رکنی وفد کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، ہم روس کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔روس کے صدر ولادی میر پوتن سے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات نہایت مفید رہی، وزیراعظم نے روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔
4
قومی اسمبلی میں وزیراعظم سمیت دیگراراکین کی حاضری کی رپورٹ جاری،جس میں وزیراعظم اور دیگر وزرا کی حاضری کی تفصیل بھی بتائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا13واں اجلاس 10 فروری سے 18 فروری تک جاری رہا اور اس دوران 25 فیصد اراکین کی حاضری مکمل رہی۔اراکین اسمبلی کی حاضری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ 15 فیصد اراکین نے کسی بھی نشست میں شرکت نہیں کی تاہم تیسری نشست میں سب سے زیادہ اراکین موجود تھے۔اسی طرح چوتھی نشست میں سب سے کم اراکین موجود تھے، 75 فیصد اراکین نے کم از کم ایک نشست چھوڑی، 65 فیصد اراکین نے بغیر درخواست کے نشستیں چھوڑیں۔
5
قومی بچت کی مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کر دی گئی۔نئی شرح کا اطلاق 25 فروری سے کیا گیا ہے۔سی ڈی این ایس کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 20 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد 11.20 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد، شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 33 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد 11.13 فیصد سے کم ہو کر 10.80 فیصد اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح ایک بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد 12.15 فیصد سے کم ہو کر 12.14 فیصد کر دی گئی ہے۔