1
پنجاب کے مختلف شہروں سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار،گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عارف حسین، ابرار علی، امتیاز علی، محمد ایان بٹ، آصف رضا اور ذکا اللہ عرف احسان اللہ سیفی کے ناموں سے ہوئی۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو جہلم، ڈسکہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم ابرار علی نے 6 شہریوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی اور انہیں وزٹ ویزے پر موریطانیہ بھجوا دیا، جہاں سے انہیں کشتی کے ذریعے یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی، تاہم شہریوں نے غیر قانونی سفر سے انکار کر دیا اور واپس آ گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم آصف رضا سال 2022 سے اشتہاری تھا اور شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لیے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد بٹورے، مگر انہیں یورپ کی بجائے آذربائیجان بھجوا دیا۔ آذربائیجان میں ملزم کے ساتھیوں نے شہریوں کو محصور کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور تاوان کا مطالبہ کیا، تاہم ایک ماہ بعد شہری کسی طرح جان بچا کر واپس پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
2
گورنرسندھ کا ڈمپرزحادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو پلاٹ دینے کا اعلان،کراچی میں ڈمپرزحادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کوایک ایک پلاٹ دوںگا۔ روزانہ پلاٹ کی قرعہ اندازی ہوگی، بلڈرز اسی دن اہل خانہ کو فائل حوالے کرے گا۔گورنرہاوس میں ماہ صیام کے پروگرامات کواتحاد رمضان کا نام دیا گیا ہے، اتحاد رمضان آپس میں یگانگت، یکجہتی کا پیغام ہے۔نئی نسل منشیات کی لت میں مبتلا ہے، والدین اپنے بچوں پرکڑی نظررکھیں، 32 سے زائد منشیات کی اشکال میں اشیا موجود ہیں، اسکولوں کے استاتذہ کا میڈیکل ٹیسٹ ہونا چاہیے۔کراچی میں پریس کانفرنس
3
اسلام آباد میں دیرینہ دشمنی پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ تھانہ سنگ جانی گی حدود میں گرڈ سٹیشن پر کی گئی۔ شہری کو دیرینہ دشمنی پر قتل کیاگیا، مقتول طویل عرصہ سے روپوش تھا۔پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مقتول کی بیوی کے باپ اور بھائیوں نے قتل کیا۔
4
مسلم لیگ (ن) کے سنیئر رہنما سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی میگزین “ٹائم” میں شائع ہونے والا عمران خان کا مضمون، عالمی سطح پر پاکستان کے چہرے پر کالک تھوپنے کی انتہائی قابل مذمت کوشش ہے۔عمران خان کے مضمون میں حکومت، عدلیہ، مسلح افواج اور تمام دوسرے اداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے پاکستان کی صورت حال کو ” سیاہ عہد” قرار دیا گیا ہے۔بانی پی ٹی آئی کے مضمون میں یہ جھوٹا، غلط اور بے بنیاد دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران انہیں( عمران خان کو) اڈیالہ جیل سے نکال کر ہاؤس اریسٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔
5
شطرنج کا مقابلہ : وزیراعلیٰ سندھ کو سرکاری اسکول کی طالبہ نے شکست دے دی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سرکاری اسکول ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کی طالبہ مہک مقبول کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں شطرنج کا مقابلہ ہوا۔چیس چیمپئن مہک مقبول نے 15 چالوں میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو ہرادیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے انڈر-18 قومی چیس چیمپئن مہک مقبول کو مبارکباد دی۔ مہک مقبول نے سرکاری اسکول کی بہتر تعلیم کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
6
مولانا حامد الحق کے بیٹے کا والد کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف،والد کو تھریٹس تھے مگر کچھ دنوں سے کوئی دھمکی نہیں تھی، نماز جمعہ کے بعد واپسی پر گھر کے قریب خارجی راستے پر میرے والد کو نشانہ بنایا گیا۔شہید والد کے مشن کو جاری رکھیں گے، والد کا مشن تھا کہ ملک میں امن قائم ہو۔جب تک حقانی خاندان کا ایک فرد بھی زندہ ہے ہم مولانا سمیع الحق شہید کا مشن اور حق کاراستہ نہیں چھوڑیں گے، میں دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دین اور اسلام پر کبھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
7
پاکستان میں سال 2025 کا چھٹا پولیو کیس سامنے آگیا۔ جس کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد چار ہوگئی ہے، جبکہ ملک بھر میں یہ چھٹا کیس ہے۔گزشتہ سال 2024 میں پاکستان میں مجموعی طور پر 74 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ان میں سے 27 بلوچستان، 23 سندھ، 22 خیبرپختونخوا، جبکہ ایک ایک کیس پنجاب اور اسلام آباد سے سامنے آیا تھا۔نئے کیس کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت نے متاثرہ علاقے میں انسدادِ پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
8
مقتول نوجوان مصطفیٰ عامر کے والدین نے سول سوسائٹی کے ہمراہ سی ویو کلاک ٹاور کے قریب احتجاج کیا۔اس موقع پر سول سوسائٹی سمیت مقتول کے رشتے داروں اور اہلِ محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مظاہرین کی جانب سے گرفتار ملزمان ارمغان اور شیراز کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مظاہرین نے مقتول مغوی نوجوان کی تصاویر والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر قاتلوں کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ارمغان اور شیراز میرے بیٹے کے قاتل ہیں، اس کیس کو بلاوجہ منشیات کے کیس سے جوڑا جا رہا ہے۔ قاتل وہی ہے جسے ہم نے پکڑوایا ہے، میں اکیلی اپنے بیٹے کے لیے کھڑی رہی، قتل کے کیس کو الجھایا نہ جائے۔ جس طرح میرے بیٹے کو سفاکیت سے قتل کیا گیا، اسی طرح ملزمان کو میرے حوالے کیا جائے تاکہ انہیں اسی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ادارے اس وقت کہاں تھے جب میرے بیٹے کے قاتل ارمغان کو پولیس ریمانڈ پر نہیں دیا گیا؟اس موقع پر مقتول کے والد نے کہا کہ جتنے بھی لوگ اس احتجاج میں شریک ہوئے، وہ دل سے آئے ہیں اور میرے بیٹے کو انصاف دلانے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ ارمغان اور شیراز کو سخت سزا دی جائے اور اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے تاکہ جلد از جلد مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
9
چیمپئنز ٹرافی؛ انگلینڈ کا جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 180 رنز کا ہدف،نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم 38.2 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انگلینڈ کا آغاز مایوسی کُن رہا، اوپنر فل سالٹ 8، بین ڈکٹ 24 اور جیمی اسمتھ صفر پر پویلین روانہ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں جو روٹ اور ہیری بروک نے 60 رنز کی پارنٹرشپ قائم ہوئی تاہم بروک 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور بعدازاں جو روٹ بھی 37 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔لیام لیونگسٹون 9، جیمی اوورٹون 11، جوفرا آرچر 25، جوس بٹلر 21 اور عادل رشید 2 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، ثاقب محمود 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جانسن اور ویان مولڈر نے 3، 3، کیشو مہاراج نے 2، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔