1
عمران خان کے سابق سکیورٹی انچارج کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم،جسٹس محمد آصف نے پٹیشنر کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کے احکامات جاری کیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کے سابق سکیورٹی انچارج کا نام پی سی ایل میں شامل کرنا بلاجواز اور غیر قانونی ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ریکارڈ پر نہیں کہ پٹیشنر کا نام وفاقی حکومت کی منظوری سے سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کر کے پٹیشنر کے آئین میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق پٹیشنر کا نام پی سی ایل اور ای سی ایل میں ایکٹو ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کا نام ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے اے آئی جی کی سفارش پر شامل کیا۔
متعدد ایف آئی آرز کی وجہ سے24 اگست 2023ء کو نام سفری پابندیوں کی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت 18 اپریل 2024 کو درخواست گزار کی ضمانت منظور کر چکی ہے۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو درخواست گزار کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے فوری نکالنے کا حکم دے دیا۔
2
26 نومبرکو 3 رینجرز اہلکاروں کی موت کیس میں ملزم کی ضمانت منظور،اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے 26 نومبر کو 3 رینجرز کی موت کے کیس میں ملزم ہاشم عباسی کی ضمانت 50 ہزار روپوں کے مچلکے کے عوض منظور کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں ملزم ہاشم عباسی کے خلاف مزید انکوائری کا کیس ہے۔ شریک ملزمان کی ضمانت پر عدالتی ابزرویشن کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔
عدالت کی آبزرویشن عمومی نوعیت کی ہے اور یہ صرف اس کیس کی حد تک ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کے وکیل کا موقف ہے کہ ملزم کو غلط طریقے سے اس کیس میں ملوث کیا گیا ہے۔ وکیل کے مطابق ملزم کا کوئی کرمنل ریکارڈ موجود نہیں یہ من گھڑت کیس ہے۔ پراسیکوٹر نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ملزم گھناؤنے جرم میں ملوث ہے۔ پراسیکوٹر کے مطابق ملزم کے عمل سے تین رینجرز اہلکاروں کی موت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ پراسیکوشن عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکامی رہی کہ ملزم ضمانت کی شرائط پر عمل نہیں کرے گا۔ اس کا امکان نہیں کہ ملزم انصاف کے نظام میں خلل ڈالنے کی کوشش کرے گا۔ اعلی عدالتیں طے کر چکی ہیں کہ ضمانت سزا کے طور پر مسترد نہیں ہو سکتی۔ ہاشم علی عباسی کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔
3
شہری کو غیرقانونی حراست میں رکھنے کا الزام: ایس پی سمیت پولیس افسران، اہلکاروں پر مقدمہ کرنے کا حکم ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری علی محمد کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس کی مبینہ غیرقانونی حراست میں رکھے جانے والے علی محمد کا مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کروا دیا گیا ہے۔وکیل شیر افضل مروت نے علی محمد کا 164 کا بیان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پڑھ کر سنایا، ڈی ایس پی لیگل نے کہا کہ علی محمد کے سیکشن 164 کے بیان کی کاپی تاحال ہمیں نہیں مل سکی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آئی جی صاحب کو بتائیں یہ کاپی موصول ہونے پر پولیس آفیشلز کے خلاف مقدمہ درج کریں، پولیس ایف آئی آر درج کر کے ایس پی سی ٹی ڈی سمیت تمام آفیشلز کو گرفتار کرینگے۔عدالت نے ہدایت کی کہ آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت پر رپورٹ دیں کہ انہوں نے کیا کارروائی کی۔وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ لوگ اہم پوزیشنز پر بیٹھے ہیں اور تفتیش بھی انہوں نے ہی کرنی ہے تو کیا تفتیش ہو گی۔عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر آئی جی کو بلائیں گے پھر دیکھیں گے تفتیش کس نے کرنی ہے۔عدالت نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔
4
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کی درخواست پر وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد، نیب اور دیگر سے طلب،رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے جنید اکبری کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی۔چئیرمین پبلک اکاوئنٹس کمیٹی جنید اکبر کی جانب سے وکیل عائشہ خالد عدالت میں پیش ہوئے، وکیل نے استدعا کی کہ جنید اکبر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد، نیب اور دیگر فریقین کو جواب کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
5
ایک سالہ کارکردگی؛ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کل ہوگا۔ذرائع کے مطابق کل منگل کے روز طلب کیے گئے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس دوران وزارتوں کی کارکردگی پر بھی غور کیا جائے گاوزیراعظم اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے درمیان طے ملاقات بھی منسوخ ہو گئی ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ بلاول بھٹو کے کل اسلام آباد پہنچنے کے بعد نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔
6
لاہور: لیاقت آباد میں خاتون کے ہاتھوں سوتن قتل، لاش بوری میں بند کرکے چھت پر چھپا دی ۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزمہ سعدیہ نے سوتن کے ساتھ جھگڑے کے دوران سر پر بیلن مار دیا، مقتولہ کی لاش بوری میں بند کرکے چھت پر چھپا دی۔پولیس کے مطابق 5 دن بعد تعفن پھیلا تو مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع کی ، ملزمہ سعدیہ کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ۔معاملے کی تحقیقات کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
7
خیبر پختونخوا میں ایک سال میں 625 نئے منصوبوں کے دعوے پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل،خیبرپختونخوا لاقانونیت، دہشتگردی اور کرپشن میں سبقت لے رہا ہے۔ ایک سال میں 365 دن ہوتے ہیں مگر کے پی حکومت نے 625 منصوبے ایک سال میں شروع کردیے، گنڈاپور سرکار کے یہ 625 منصوبے ایک ارب درختوں کی طرح ہوں گے۔ایک سال میں ایک دن بھی کے پی حکومت کے کسی وزیر یا وزیراعلیٰ کو نئے منصوبے کا افتتاح کرتے نہیں دیکھا۔
ایک سال میں 625 بار تو وزیر اعلیٰ دفتر تک نہیں آیا، یہ منصوبے موکلات نے شروع کروادیے؟علی امین کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام نہیں اڈیالہ کا قیدی ہے، خیبرپختونخوا میں کرپشن اپنے عروج پر ہے، احتساب کمیٹی کے لوگ خود اس میں ملوث ہیں۔
8
26 نومبر احتجاج؛ پی ٹی آئی کے 56 کارکنوں کی ضمانت منظور،انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں 26 نومبر احتجاج کے دوران درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پی ٹی آئی کے 56 کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
9
7 ارب ڈالر قرض پروگرام؛ آئی ایم ایف مشن اقتصادی جائزے کیلیے پاکستان پہنچ گیا(آئی ایم ایف) کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں تکنیکی اور دوسرے مرحلے میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا حکام کا آج آئی ایم ایف وفد کے ساتھ تعارفی سیشن نجی ہوٹل میں ہوا ہے۔ نیتھن پورٹر کی قیادت میں آئی ایم ایف کا 9 رکنی وفد تقریباً 2 ہفتے پاکستان میں قیام کرے گا، جو اس دوران آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ کے لیے تجاویز بھی دے گا۔
10
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے کیس میں جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے ہیں کہ انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کے بعد ملزمان آرمی ایکٹ کے تابع ہوگئے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں سول سوسائٹی کے وکیل فیصل صدیقی نے اپنے دلائل دیے۔وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سوال یہ نہیں کہ 105 ملزمان کے ملٹری ٹرائل کے لیے سلیکشن کیسے ہوئی، اصل ایشو یہ ہے کیا قانون اجازت دیتا ہے؟۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ملزمان کی حوالگی ریکارڈ کا معاملہ ہے۔ کیا آپ نے آرمی ایکٹ کے سیکشن 94 کو چیلنج کیا ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ملزمان کی حوالگی کے وقت جرم کا تعین نہیں ہوا تھا۔ سیکشن 94 کے لامحدود صوابدیدی اختیار کو بھی چیلنج کیا ہے۔وکیل نے دلائل میں کہا کہ ملزمان کی ملٹری حوالگی کا فیصلہ کرنے والے افسر کے اختیار لامحدود ہیں۔ اس ملک میں وزیر اعظم کا اختیار لامحدود نہیں۔ ملزمان حوالگی کے اختیارات کو اسٹریکچر ہونا چاہیے۔
11
وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی طے شدہ اہم ملاقات منسوخ ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد آمد کے بعد نیا شیڈول طے کیا جائے گا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کل اسلام آباد پہنچیں گے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات کل یا پرسوں ملاقات متوقع ہے۔
12
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا، سیاسی اتحاد میں ہمیشہ چند چیزوں پر اتفاق ہوتا ہے، اس حوالے سے ہم بھی کوشش کررہے ہیں، ملک میں آئین جمہوریت آزاد عدلیہ کی جدوجہد جاری رہے گی۔بانی پی ٹی اور اہلیہ سے ملاقات نہ کروانے سے متعلق درخواست چیف جسٹس کی عدالت میں لگی ہوئی ہے، دوستوں اور وکلاء سے ملاقات نہ کروانے کی درخواست راجہ انعام امین منہاس کی عدالت میں تھی، نومبر کے بعد سے دوستوں کی ملاقات نہیں کروائی جارہی۔ کبھی ملاقات نہیں کرواتے کبھی پولیس ایکشن ہوجاتا ہے، جیل اتھارٹیز کے اس رویے پر عدالت سے رجوع کیا گیا، درخواست پر جج صاحب نے کہا عدالت اس پر آرڈر پاس کرے گی، فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو
13
بانی پی ٹی آئی کی شیڈول کے مطابق جمعرات کو پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہ کروانے کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس راجا انعام امین منہاس نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت وکیل نے دلائل دیے کہ چیف جسٹس اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے جیل ملاقات سے متعلق آرڈرز پاس کیے ہوئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی نوٹس ہوا ہے، ان سے جواب مانگا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات کا بھی آرڈر موجود ہے۔ ہمارا اڈیالہ جیل حکام سے طے ہوا تھا کہ منگل کو فیملی، وکلا اور جمعرات کو دوستوں کی ملاقات ہوگی۔جسٹس راجا انعام امین منہاس نے کہا کہ چلیں دیکھ لیتے ہیں، میں اس درخواست پر باضابطہ آرڈر جاری کروں گا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد جیل ملاقات سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
14
نیو یارک میں ایلون مسک کے خلاف احتجاج پر 9 افراد گرفتار،یہ مظاہرے ایلون مسک کی وفاقی ملازمین کی برطرفیوں میں مبینہ شمولیت کے خلاف کیے گئے۔’ٹیسلا ٹیک ڈاؤن‘ نامی اس احتجاج میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جو امریکا بھر میں ٹیسلا کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا حصہ تھا۔ مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا “ٹیسلا جلاؤ، جمہوریت بچاؤ” اور “امریکا میں آمریت نامنظور”