کراچی(ای پی آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ وقت اتحاد کا ہے اور اتحاد سے ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے قائدِ اعظم محمدعلی جناح کا 147واں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلی سندھ کے مزار پر پہنچنے پر چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی اور دیگر نے استقبال کیا جبکہ وزیراعلی نے گورنر کامران ٹسوری کے پہنچنے پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ وزیراعلی کے ساتھ صوبائی وزرا، شرجیل میمن اور مکیش کمار چاولہ بھی موجود تھے۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت ہے ان کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح جیسے عظیم رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ وقت اتحاد کا ہے، اور اتحاد سے ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر کی مظلوم عوام کو بھی یاد کرنا چاہیے، ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔مراد علی شاہ نے بنوں اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب ایک نئی دہشت گردی کی لہر آئی ہے۔ ہم سیلاب متاثرین کی تکلیف اور انکے مسائل سے آگاہ ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ اور گورنر نے قائداعظم محمد علی جناح کے خاندان سے ملاقات کی۔ترجمان وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ قائد اعظم کی فیملی اس موقع پر مزار پر موجود تھی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے قائداعظم کی فیملی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


