ممبئی(ای پی آئی ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کو اُن کے شوہر راگھو چڈھا کی محبت نے گلوکارہ بنا دیا ویڈیو وائرل ۔

تفصیل کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شاہی شادی کی تقریب کی دلکش تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہیں جنہیں دیکھ کر اس جوڑے کے مداح اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔

انہی ویڈیوز میں سے ایک ایسی خاص ویڈیو ہے جس میں اداکارہ کی اپنے شوہر کے لیے محبت کو دیکھا جاسکتا ہے، یہ ویڈیو اس جوڑے کی شادی کی تقریب کے دن بنائی گئی تھی جس میں راگھو چڈھا اپنی دلہنیا کا دوپٹہ ٹھیک کرتے ہیں پھر یہ جوڑا گفتگو کرتے ہوئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیتا ہے۔

ویڈیو میں پرینیتی چوپڑا بےحد خوش آرہی ہیں جبکہ ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے پسِ منظر میں جو گانا چل رہا ہے وہ اداکارہ نے خصوصی طور پر اپنے شوہر کے لیے گایا۔اس گانے کا نام ‘او پیا’ ہے جوکہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کے لیے خصوصی طور پر لکھا گیا جسے خود اداکارہ نے اپنی سُریلی آواز میں گایا اور یوں اُنہوں نے اپنی شادی کے دن اپنے شوہر سے محبت کا اظہار کیا۔

دوسری جانب پرینیتی چوپڑا نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کی نیک خواہشات کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ ‘میں نے اور راگھو نے اپنے تمام مداحوں کے محبت بھرے پیغامات اور دُعائیں پڑھی ہیں، ہم آپ کا الگ الگ شکریہ ادا نہیں کرسکتے لہٰذا ہم یہاں آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کررہے ہیں’۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘ہم ایک نئے سفر کا آغاز کررہے ہیں اور ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہمارے مداح ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں’۔واضح رہے کہ 24 ستمبر کو پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں پنجابی رسم و رواج کے مطابق شادی کی۔