احمد آباد( ای پی آئی ) شائقین کا نتظار ختم بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا میلہ آج سے سجے گا۔جس لمحے کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے تھے وہ آخر کار آ ہی گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور رنر اپ نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ سہ پہر ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ورلڈ کپ ٹرافی کے لیے لڑتی نظر آئیں گی۔ ایونٹ میں شریک ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کُل 45 لیگ میچز کھیلیں گی۔

ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 15 نومبر کو ممبئی اور 16 نومبر کو کولکتہ میں ہوں گے جبکہ فائنل 19 نومبر کو احمدآباد میں ہوگا۔

سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو دن ہوں گے۔آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ رنر اَپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ اسی طرح، سیمی فائنلز ہارنے والی ٹیموں کو 8 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے، جس کی مجموعی رقم 16 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔

جو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں نہیں پہنچ سکیں گی ان ٹیموں کو ایک ایک لاکھ ڈالرز ملیں گے جبکہ گروپ مرحلے کے میچز جیتنے پر ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز ملیں گے۔ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے گا۔