لاہور(ای پی آئی ) ورلڈ کپ 2023 کے چوتھے میچ میں جنوفی افریقہ نے سری لنکا کیخلاف میچ میں ریکارڈ بک کے صفحات الٹ پلٹ دیے ،پروٹیز ٹیم نے ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 428 اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
ورلڈکپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں جنوبی افریقہ نے ریکارڈ ساز کارکردگی سے شائقین اور مبصرین کو حیران کردیا،پروٹیز نے 5وکٹ پر 428رنز بنائے، یہ ورلڈکپ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ ہے،اس سے قبل 2015میں آسٹریلیا نے افغانستان سے میچ میں 6وکٹ پر 417رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا،
2007میں بھارت نے برمودا سے میچ میں 5وکٹ پر 413رنز بنائے تھے۔
گزشتہ روز ایڈن مارکرم نے میگا ایونٹ کی تاریخ میں تیزترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا، انھوں نے یہ سنگ میل عبور کرنے کیلیے صرف 49گیندوں کا استعمال کیا،اس سے قبل آئرش بیٹر کیون اوبرائن نے 2011میں انگلینڈ کے بولرز کی پٹائی کرتے ہوئے سنچری 50گیندوں پر مکمل کی تھی، آسٹریلوی گلین میکسویل نے 2015 میں سری لنکا کیخلاف تھری فیگر تک پہنچنے کیلیے 51گیندیں کھیلی تھیں۔
ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہی میچ میں کسی ٹیم کے 3بیٹرز نے سنچریاں بنائی ہیں،مجموعی طور پر ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ چوتھا موقع ثابت ہوا،
دلچسپ امر یہ ہے کہ 4اننگز میں سے 3بار یہ کارنامہ جنوبی افریقی بیٹرز نے سر انجام دیا،
گذشتہ روز اس ریکارڈ میں اپنا نام درج کروانے والوں میں راسی وان ڈر ڈوسین 108، ایڈن مارکرم 106اور کوئنٹن ڈی کک 100رنز شامل رہے۔