نئی دہلی (ای پی آئی ) کرکٹ ورلڈکپ2023 میں پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کی خبروں پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کردہے۔
زینب عباس کے بھارت چھوڑنے پر مختلف خبریں سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زینب عباس بھارت سے ذاتی وجوہات کی وجہ سے گئی ہیں،انہیں ڈی پورٹ کرنے کی بات درست نہیں۔
اس سے قبل پریزینٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ زینب بھارت سے دبئی پہنچ گئی ہیں۔ تاہم قریبی ذرائع کا بتانا تھا کہ زینب پر بھارت میں بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے حفاظتی اقدام کے طور پر بھارت چھوڑدیا،
زینب نے براڈ کاسٹرز اور فیملی کے مشورے پر یہ قدم اٹھایا۔
واضح رہے کہ زینب عباس کے خلاف بھارت میں ایک وکیل نے کیس کرنے کی درخواست کی تھی۔بھارتی وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے۔