کراچی (ای پی آئی ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی پر ملنے والے مین آف دی میچ ایوارڈ کو غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کرنے پر بھارتی میڈیا کی چیخ پکار کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جواب دیدیا

اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد غزہ سے متعلق رضوان کی ٹوئٹ ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

واضھ رہے کہ محمد رضوان کی جانب سے سوشل میڈیا پر مین آف دی میچ ایوارڈ فلسطین کے بہن بھائیوں کے نام کرنے کے بیان کے بعد بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گُپتا نے سوال اٹھایا تھا کہ کیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اسکی اجازت دیتا ہے؟۔ کیا کرکٹرز کو آئی سی سی ایونٹس کے دوران سیاسی اور مذہبی بیانات دینے پر پابندی نہیں؟، مجھے یاد ہے کہ ورلڈکپ 2019 کے دوران مہندرا سنگھ دھونی کو اپنے دستانے سے آرمی کا نشان ہٹانے کو کہا گیا تھا۔

بھارتی صحافی و میڈیا کی پروپیگنڈے پر پاکستانی مداحوں نےجواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ دھونی کی جانب سے فوجی دستانے پہننے کا عمل گراؤنڈ میں کیا گیا جبکہ رضوان سوشل میڈیا پر آزاد ہیں اور انہیں اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے۔

ماضی میں بھی بھارتی میڈیا محمد رضوان سمیت کئی پاکستانی کرکٹرز کی کھیل کے میدان میں سجدہ شکر بجالانے اور نماز کی ادائیگی پر سوالات اُٹھاتا رہا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت نے اسرائیل کے فلسطین پر مظالم کی حمایت کرتی ہے جبکہ کئی بھارتی اداکاروں کو فلسطینیوں کی حمایت پر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔