ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مدمقابل آئیں گی

احمد آباد(ای پی آئی )ورلڈ کپ 2023 میں سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مدمقابل آئیں گی۔ گرین شرٹس جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے بڑا مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا، 1 لاکھ 30 ہزار کی گنجائش والے سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کو اعصاب شکن مقابلے کی امید ہے۔

بھارت اب تک اپنے دونوں میچز جیت کر میدان میں اتر رہا ہے تو پاکستان نے بھی نیدر لینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، بس اب میدان میں کچھ کر دکھانے کا وقت ہے، شائقین کرکٹ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گرین شرٹس وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔بھارتی میڈیا نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ریاست گجرات کے ضلع احمد آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔

پاکستان اب تک بھارت سے ورلڈ کپ میں کبھی کوئی میچ نہیں جیتا، دونوں ٹیموں کے درمیان 7 میچز ہوئے، جن میں بھارت فاتح رہا لیکن شاہینوں نے اس بار اسی کے ہوم گراونڈ پر بھارت کو شکست دینے کی ٹھان لی۔

دراصل ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان بھارت سے بہت آگے ہے، اب تک کھیلے گئے 134 میچز میں سے 73 پاکستان اور 56 بھارت نے جیتے ہیں جبکہ 5 مقابلوں کا فیصلہ نہ ہوسکا۔