مکوآنہ (ای پی آئی)ملک میں کنو کی پیداوار میں بتدریج کمی کے باعث چند سالوں میں پاکستان کنو پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں نویں سے 20ویں نمبر پر آگیا ہے۔
سٹرس فروٹ گروئرز ایسوسی ایشن کے ترجمان چوہد ری شوکت پرویز ارائیں نے بتایاکہ باغبانوں کی جانب سے جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ نہ کرنے اور مخصوص موسمی حالات کے ساتھ ساتھ گریڈنگ، پالشنگ، پیکنگ وغیرہ کی مناسب سہولیات کے فقدان کے باعث ملک میں کنو کی پیداوار میں بتدریج کمی ہو رہی ہے جس کے باعث چند سالوں میں پاکستان کنو پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں نویں سے 20ویں نمبر پر آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی کمی کا مسئلہ روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے پاکستان آنیوالے دریاؤں پر ڈیمز اور آبی ذخائر کی تعمیر انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث کاشتکاروں اور باغبانوں کو اپنی اجناس اور پھلوں کی پیداوار کا مناسب معاوضہ نہیں ملتا جس سے کاشتکار اور باغبان بھی پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے فوری کارروائی اور باغبانوں کی معاونت کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔