اسلام آباد(ای پی آئی)ملک کے 3بڑے ائرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کے معاملے میں ڈی جی سول ایوی ایشن(سی اے اے)کی سربراہی میں 8رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق کمیٹی سرمایہ کاروں کو بروقت ڈیٹا اور معلومات فراہم کرے گی۔
مراسلے کے ذریعے اسلام آباد ، لاہور اور کراچی ائرپورٹس کو ڈیٹا جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ائرپورٹ پر کنسلٹنٹ فرم کو سہولیات فراہم کرنا بھی کمیٹی کی ذمے داری ہو گی۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی آئوٹ سورسنگ سے متعلق وزرات ہوابازی کو بھی معلومات فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈائریکٹریٹ برانچز سے بروقت معلومات جمع کرے اور ائرپورٹس منیجرز بروقت درست معلومات کی فراہمی یقینی بنائیں۔