لاہور(ای پی آئی )دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ صائم ایوب، عامر جمال، خرم شہزاد اور میر حمزہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔

چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم وہاب ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا۔

قومی سکواڈ میں امام الحق، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی، سلمان علی، فہیم اشرف، حسن علی، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، شان مسعود، میر حمزہ، وسیم جونیئر ، صائم ایوب شامل ہیں ۔ قومی ٹیم کی کپتانی شان مسعود کے سپرد کی گئی ہے ۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر میں امام الحق، عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود پرفارم کر رہے ہیں جبکہ حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا۔

انھوں نے کہا کہ دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی، ہم نے حارث کو ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی، فزیو نے بتایا کہ آگے جا کر فٹنس کا ایسا کوئی ایشو نہیں ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اگلے تین ہفتوں میں باؤلنگ شروع کریں گے جبکہ محمد حسنین نے ورزش شروع کی ہے ایک سے دو ہفتوں میں وہ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ حسن علی کی کاؤنٹی سیزن میں اچھی پرفارمنس رہی ہے ، تجربہ بھی ہے۔ حسن علی جیسا کھلاڑی ہے وہ آسٹریلیا میں پرفامنس دے گا۔