لاہور(ای پی آئی ) ورک لوڈ اور فٹنس مسائل کے سبب آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف مشکلات کا شکار ہیں
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 دسمبر سے شروع آسٹریلوی بگ بیش کیلئے حارث رؤف، زمان خان اور اسامہ میر کو ابھی تک این او سی جاری نہیں کیا ہے ۔
پی سی بی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوا، معاملہ زیر غور ہے۔دوسری جانب غیر ملکی ویب سائٹ نے دعو یٰ کیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا سے انکار کرنے والے فاسٹ بولر حارث رؤف مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں،
انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگری میں تنزلی کے ساتھ ساتھ بگ بیش لیگ این او سی سے بھی محروم کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ عہدیدار حارث رؤف کے رویے سے نالاں اور لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید کی جانب سے حارث کا دفاع کیے جانے پر مایوسی کا شکار ہیں۔
حارث صرف محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں لہٰذا انہیں دیے گئے کیٹگری بی کے سینٹرل کنٹریکٹ پر بھی نظرثانی کی ضرورت ہے جس کے تحت ماہانہ 40لاکھ سے زائد رقم کی ادائیگی کے علاوہ اضافی میچ فیس، بونس اور آئی سی سی ریونیو میں پی سی بی کے شیئر سے حصہ بھی شامل ہے۔