کراچی (ای پی آئی ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین افتخار احمد کا کہنا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کےلیے نیک خواہشات ہیں۔ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، نوجوان بولرز ہیں، انہیں بھرپور سپورٹ کی ضرورت ہے۔ہمارے کھلاڑی ڈراپ ان پچز پر کھیلنے کے عادی نہیں ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ سرفراز احمد، کپتان شان مسعود، امام الحق تمام ہی کھلاڑی پرفارمر ہیں یہ تمام ایڈجسٹ ہو کر لمبی انگز لگائیں گے اور پاکستان کو جتوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے لیجنڈ کرکٹرز کو ٹی وی پر بیٹھ کر قومی ٹیم کے حوالے سے منفی باتیں کرنا مناسب نہیں لگتا۔ بھارت یا دیگر ممالک کی ٹیموں پر اتنی تنقید نہیں ہوتی جتنی پاکستان پر ہوتی ہے۔

جب سابق کرکٹرز منفی بات کرتے ہیں تو کھلاڑیوں پر برا اثر پڑتا ہے۔ جو کھلاڑی پرفارم کر رہا ہوتا ہے وہ بھی نہیں کر پاتا۔اس کے علاوہ یہ کہ لیجنڈز کرکٹرز کھلاڑیوں کی تکنیک سے متعلق اور دیگر امور پر مثبت باتیں کریں تو کھلاڑی ان کو سنتے ہیں وہ اس پر عمل بھی کریں گے۔

سابقہ پلیئرز سے درخواست ہے کہ ٹیم کےلیے مثبت بات کیا کریں۔