لاہور (ای پی آئی ) پی ایس ایل 9 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 شہروں کا انتخاب کر لیا گیا ہے پشاور زلمی کے مطالبے کے باوجود تاحال پشاور میں میچ کرانے کا فیصلہ نہ ہوسکا ۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ کو حکومتی اداروں کی جانب سے میچز پاکستان میں کروانے کا گرین سگنل جلد موصول ہونے کا امکان ہے جبکہ اس حوالے سے اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔

پی ایس ایل 9 کے میچز پاکستان کے 4 وینیوز پر کروائے جائیں گے جبکہ افتتاحی تقریب اور فائنل کہاں ہوگا اس حوالے سےابھی فیصلہ ہونا باقی ہے ذرائع کے مطابق کراچی کنگز فائنل کراچی جبکہ لاہور قلندرز فائنل لاہور میں کروانے کی خواہاں ہے جبکہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد کروائے جانے کا امکان ہے۔

باقی وینیوز میں راولپنڈی اور ملتان شامل ہوں گے اور پی ایس ایل 9 کا آغاز 18 فروری سے ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل کہ پاکستان میں الیکشنز کی وجہ سے پی ایس ایل کو یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز پی سی بی نے فرنچائزز کو دی تھی۔