کشمور (ای پی آئی )تین صوبوں کے سنگم پر واقع ضلع کشمور میں انتخابی میدانمارنے کی تیاریاں عروج پر ہیں لیکن ہر الیکشن میں صوبہ سندھ کے شہر کشمور کے حلقے کا انتخابی نمبر تو تبدیل ہوتا رہتا ہے لیکن عوام کے مقتدر میں تبدیلی دکھائی نہیں دیتی۔ 2008 میں اس حلقہ کا نمبر NA 210 تو 2013 اور 2018 میں NA 197 جبکہ اس بار اس حلقہ کا نمبر NA 191 ہے۔

حقیقت میں یہ حلقہ مختلف سرداروں کے زیر اثر رہا ہے تاہم دوسری پارٹیوں کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ووٹ کچھ زیادہ ہے۔ جماعت اسلامی جمعیت علمائے السلام ف، شیعا علما کونسل کا بھی کچھ ووٹ ہے تاہم سب سے زیادہ قبائلی سرداروں کا ووٹ ہے۔ اس حلقہ کے طاقتور سرداروں میں سردار سلیم جان مزاری کشمور، میر غلام عابد سندرانی کندھ کوٹ ، میر شبیر علی بجارانی کرم پور شامل ہیں۔ کشمور کندہ کوٹ اور کرم پور کے یہ سردار جس کی حمایت کرتے ہیں وہ ہی الیکشن جیت جاتا ہے۔ ماضی میں مزاری گروپ 4 دفعہ قومی اسیمبلی کی سیٹ جیت کر اپنا نمائندہ اسلام آباد میں بھیجتا رہا ہے۔ اب ظاہری طور پر یہ تینوں گروپ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہیں تاہم اس دفعہ اندرونی اختلافات کی وجہ سے ایک دوسرے کو ہرانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ 8 فیبروری کو پورے ملک کی طرح ضلع کشمور میں بھی انتخابی دنگل سجنے کو تیار ہے۔ کشمور ضلع کے قومی اسمبلی کے حلقہ 191 لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 499958 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 270270 اور خواتیں کی تعدادِ 229685 ہے۔ اس حلقے کیلئے 353 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائینگے. 25 مختلف پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کے نامزدگی کاغذ تو منظور ہوگئے ہیں لیکن اصل دنگل پاکستان پیپلز پارٹی مزاری گروپ کے ممکنہ امیدوار حاجی عبدالروف کھوسہ سردار احسان الرحمان مزاری اور جعمیت علمائے اسلام ف کے امیدوار میر شاہزین خان بجارانی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 4 کشمور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 193419 جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 104508 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 88914 ہے۔ اس حلقے میں 145 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائینگے. اس حلقہ میں 26 امیدواروں کے کاغذ نامزدگی منظور ہوئے ہیں لیکن اصل مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی مزاری گروپ کے ممکنہ امیدوار سردار علی جان خان مزاری عبدالروف کھوسہ اور آزاد امیدوار میر غالب حسین خان ڈومکی کے درمیان ہوگا۔ یہ حلقہ مزاری سراداروں کا آبائی حلقہ کہلواتا ہے۔ اس حلقے میں ہمیشہ مزاری اتحاد کا امیدوار جیتتا آ رہا ہے۔
کشمور ضلع میں سابق ادوار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوتے رہے ہیں لیکن ضلع کے بنیادی مسائل حل ہونے کا نام نہیں لیتے۔ تعلیم صحت پینے کا صاف پانی اور بدامنی پورے ضلع کے اہم مسائل ہیں۔