لاہور (ای پی آئی )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی سی بی نے 2024 کیلئے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کرتے ہوئے 4 سابق ٹیسٹ کرکٹرز مشتاق محمد، انضمام الحق، سعید انور اور مصباح الحق کو شامل کرلیا۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق اس مرتبہ ہال آف فیم میں 4 آئیکونز کو ایک آزاد اور شفاف ووٹنگ کے عمل کے ذریعے شامل کیا ہے، جس میں وسیم اکرم، ظہیر عباس (دونوں پی سی بی ہال آف فیمرز) اظہر علی (سابق کپتان) بسمہ معروف، نین عابدی (دونوں سابق بین الاقوامی ویمنز کرکٹرز) ماجد بھٹی، محی شاہ، محمد یعقوب، نعمان نیاز، سویرا پاشا اور زاہد مقصود (کرکٹ صحافی/ تجزیہ کار) نے شرکت کی۔
چاروں اسٹالورٹس کو رواں برس باقاعدہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا اور انہیں یادگاری کیپس اور خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی تختیاں پیش کی جائیں گی۔
انضمام الحق نے 1991 سے 2007 تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی اور 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے رکن رہے۔
مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک پاکستان کی نمائندگی کی اور ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم 2016 میں آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں نمبرایک پوزیشن پر آئی ۔ وہ 2009 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔
مشتاق محمد نے 1959 سے 1979 تک پاکستان کی نمائندگی کی اور کپتان بھی رہے، 1977 میں ان کی قیادت میں پاکستان نے پہلی بار آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ جیتا، وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 1999 کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کے کوچ بھی تھے۔
سعید انور نے 1989 سے 2003 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 31 سنچریاں اور 68 نصف سنچریاں بنائیں، سال 1996، 1999 ور 2003 کے ورلڈکپ میں ان کی 3 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔