کراچی (ای پی آئی) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومل شیخ ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ان کی بہترین دوست اور کوئی نہیں بلکہ ماہرہ خان ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ماہرہ میری سب سے قریبی دوست ہیں۔ ہم اکثر ساتھ وقت گزارتے ہیں، چاہے ہم اپنی تصاویر اور سیلفیز شیئر نہ کریں۔ ا ن کا مزید کہنا تھا کہ تمام ساتھی فنکاروں کے ساتھ اچھی ہم آہنگی رکھتی ہیں، لیکن ماہرہ کے ساتھ ان کا رشتہ خاص ہے۔جب بھی ہم ملتے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے ہم برسوں بعد مل رہے ہوں۔ ہم ہمیشہ وہیں سے بات شروع کرتے ہیں جہاں چھوڑی تھی۔

مومل نے وضاحت کی، یہ دوستی انڈسٹری سے ہٹ کر ہے۔ ہمارے مشترکہ دوست بھی ہیں، اور ہم سب اکٹھے گھومتے ہیں۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے والد جاوید شیخ نے کبھی ان کے کیریئر کے لیے سفارش نہیں کی۔ انہوں نے اپنے والدین کی علیحدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی اپنے والد سے شکوہ نہیں کرتی اوریہ آزمائشیں اللہ کی طرف سے آتی ہیں۔ اگر آپ اس بات پر یقین رکھیں تو زندگی آسان ہو جائے گی۔ میں نے اپنی زندگی میں چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن بہتر مستقبل کے لیے ماضی میں نہیں رہنا چاہیے۔