ملتان(ای پی آئی)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل 17 جنوری سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔
پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کریگ براتھویٹ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ انتہائی دلچسپ اور کانٹے دا ر ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم ،ملتان میں گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جنوری تک ملتان میں ہی کھیلا جائے گا۔اس سے قبل پاکستان اے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا تین روزہ وارم اپ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔