اسلام آباد (ای پی آئی ) وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ایک فسادی ٹولے نے وطیرہ بنا لیا ہے کہ اداروں کے سربراہان جب بیرون ملک جائیں تو احتجاج کرنا ہے،یہ لوگ صرف ایک شخص کی انا کے لیے ملک کو برباد کرنے کو تیار ہیں ،
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ صرف ایک جدت سےاو جی ڈی سی ایل کی پیداوار میں دس ہزار بیرل تیل میں اضافہ ہوا ہے۔اگر چار کمپنیاں اس جدت کو اختیارکر لیں تو آئی ایم ایف کے پروگرام کی ضرورت نہیں رہے گی. انہوں نے انکشااف کیا کہ 250 ملین ڈالر کی جدت ہوئی ہے .
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکناولوجی سے خاموش انقلاب آرہا ہے، شلمبرجر پرائیویٹ سیکٹر کمپنی ہے جو پاکستان میں بہترین کام کررہی ہے ،
انہوں نے کہاکہ ہم ترقی کی بات کرتے ہیں عوام کی بات کرتے ہیں ،لیکن کیا یہ کرنا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیں کہ پاکستان کو برباد کر دیں،ایک فسادی ٹولے نے وطیرہ بنا لیا ہے کہ اداروں کے سربراہان جب بیرون ملک جائیں تو احتجاج کرنا ہے،کیا یہ آپ ن لیگ کے خلاف کام کر رہے یا اپنے ملک کے خلاف کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہاکہ یہ اپنے ملک کی ترقی اور بقا کو داؤ پر لگا رہے ہیں ، امریکی کانگریس میں جو قرارداد پیش کی وہ پاکستان کے خلاف ہے ، صرف ایک شخص کی انا کے لیے ملک کو برباد کرنے کو تیار ہیں ،جب بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان آئیں گی تو پاکستان کے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی.
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ غیر ضروری قوانین جس سے عوام کو دربدر ہونا پڑتا ہے وہ ختم کر رہے ہیں ، حکومت اداروں کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے، اداروں میں ڈاؤن سائزنگ کر رہے ہیں صرف عوام کو فائدہ دینے والے ادارے اور وزارتیں رہیں گی.