لاہور(ای پی آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر خطے میں کشیدگی کو ہوا دی،

میڈیا سے گفتگو سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کوئی ایک فریق یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا۔پاکستان کسی دہشتگردی کی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہت قیمت ادا کی، بدقسمتی سے بھارتی گورنمنٹ دہشتگردی کے واقعات کا الزام ہمیشہ پاکستان پر لگاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی ہے، چند دن پہلے جعفرایکسپریس واقعہ ہوا تو ہندوستان نے مذمت میں ایک لفظ بھی نہیں بولا، الزام تراشی اور بہتان لگانا کسی گورنمنٹ کو زیب نہیں دیتا۔بھارت پاکستان سے بڑا ملک ہے، خطے میں امن اس کے اپنے مفاد میں ہے، بھارتی لیڈر شپ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، عالمی امن کیلئے ایسے اقدامات خطرہ بن سکتے ہیں۔

سعد رفیق نے کہاکہ بھارت نے دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں جبر کا ماحول بنایا ہوا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پاکستان کا بھارت میں بدامنی کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان کو بھارتی سائیڈ سے مسلسل نشانہ بنایا گیا ہے۔پاکستان کی بھارت میں مداخلت کی پالیسی نہیں ہے، کلبھوشن کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے، بھارت صرف الزامات لگا رہا ہے، بھارت کے پاس اگر کوئی ثبوت ہے توپیش کرے۔