کراچی(ای پی آئی) بینک دولتِ پاکستان نے صارفین کو مزید تحفظ دینے اور ان کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کی اپنی کوششوں کے سلسلے میں کاروباری طورطریقوں سے متعلق ضوابطی فریم ورک کے مسودے پر عوام سے آرا طلب کی ہیں ۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مسودے کا عنوان "کاروبار ی طرزِعمل اور صارفین کے ساتھ منصفانہ سلوک کا ضوابطی فریم ورک” ہے ۔ فریم ورک کے اس مسودے میں وہ مجوزہ اصول اور قواعد پر مبنی ہدایات شامل ہیں جن کا مقصد مالی شعبے میں ذمہ دارانہ کاروباری طرزِ عمل، جواب دہی اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے مالی ادارے اپنے تمام تر رابطوں میں صارفین کے ساتھ احترام، انصاف اور شفافیت کا برتاؤ کریں ۔ اسٹیٹ بینک سمجھتا ہے کہ عوام سے مشاورت ضوابطی عمل کا اہم حصہ ہے، اور اس طرح حتمی فریم ورک کی تشکیل میں صارفین کی آرا کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

فریم ورک کا مسودہ عوام کی آرا کے لیے اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے: https://www.sbp.org.pk/BS/index.asp
عوام اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ کے لنک https://www.sbp.org.pk/BS/index.asp پر موجود فارم پُر کرکے اپنی رائے بذریعہ ای میل BCPD@sbp.org.pk پر 30 ستمبر 2025ء تک بھیج سکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک عوام کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ مذکورہ مسودے پر اپنی قیمتی رائے کا اظہار کریں۔