لاہور (ایپی آئی)ایشیاکپ کے بعد جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستا ن کے حوالے م سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ،ٹیسٹ ٹیم کپتان شان مسعود اور کوچ اظہر محمود کے درمیان مشاورت چیئرمین پی سی بی نے کپتان اور کوچ کو فری ہینڈ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز کا چیلنج درپیش ہے جس کا آغاز 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ یہ مقابلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ہیڈ کوچ اظہر محمود اور کپتان شان مسعود کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے دوران شان مسعود کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں ملاقات کے دوران کپتان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ہوم ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم کے حوالے سے آپ دونوں کو فری ہینڈ دیا جا رہا ہے، میری پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہے۔ملاقات میں کھلاڑیوں کی فٹنس، پریکٹس سیشنز اور ٹیم کمبی نیشن پر بھی بات چیت کی گئی۔

پی سی بی سربراہ نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بہترحکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترکر شائقین کرکٹ کو خوشی دے گی۔واضح رہے کہ شان مسعود کی زیر قیادت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 میں پاکستان ٹیم سب سے آخری نمبر پر رہی تھی۔گزشتہ ماہ اعلان شدہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بورڈ نے شان مسعود کو بی سے ڈی کیٹیگری میں کر دیا تھا۔

دوسری جانب اظہر محمود کو معاہدے کی تکمیل کے لیے عبوری طور پر ٹیسٹ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ممکنہ طور پر وہ ایک یا دو سیریز میں ہی خدمات سرانجام دے سکیں گے۔