کراچی (ای پی آئی)اداکار منیب بٹ کے خواجہ سرا کردار پر مبنی میگا کاسٹ ڈرامے ‘سر راہ’ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں تمام مرکزی کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
‘سر راہ’ کو جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ڈرامے کے جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مناظر دکھائے گئے ہیں اور مرکزی اداکارہ صبا قمر کو امپریس مارکیٹ سمیت سندھ اسمبلی کے ارد گرد گھومتے دکھایا گیا ہے۔
ٹیزر سے ڈرامے کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ڈرامے میں متعدد سماجی کہانیوں کو پیش کیا جائے گا۔ٹیزر کی جھلکیوں سے محسوس ہوتا ہے کہ صبا قمر متوسط طبقے کی خودمختار اور نڈھر خاتون کے روپ میں دکھائی دیں گی جب کہ واضح طور پر منیب بٹ کو خواجہ سرا افسر کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔
ٹیزر میں ڈرامے کے دیگر مرکزی کرداروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جن میں اداکارہ حریم فاروق، سنیتا مارشل اور صبور علی بھی شامل ہیں۔


