کراچی (ای پی آئی ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ اداکارہ ثنا جاوید نے اپنے شوہر کی قومی کرکٹ ٹیم میں موجودگی کے حوالے سے دیے گئے بیان میں سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد یو ٹرن لے لیا ہے
انھوں نے اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہیں کہ شعیب ملک ٹیم میں ضروری ہیں، بلکہ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک سینئر کا ہونا لازمی ہے، چاہے وہ بابر اعظم، محمد رضوان یا کوئی اور ہو۔
واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت فائنل کے بعد اپنے فیس بک پیغام میں کہا تھا کہ اگر شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوتے تو ان کا تجربہ پاکستانی ٹیم اور عوام کےلیے امید کی کرن بنتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی موجودگی ہی جیت کا یقین اور حوصلہ پیدا کرنے کےلیے کافی تھی۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس پر صارفین کی مختلف آرا سامنے آئیں۔ کچھ صارفین نے ثنا جاوید کے جذبات کو سراہا جبکہ دوسروں نے ان پر تنقید کی اور کہا کہ وہ خیالی دنیا میں رہ رہی ہیں۔ بعض مداحوں نے تو یہاں تک قیاس آرائیاں کیں کہ شاید یہ پوسٹ خود شعیب ملک نے اپنی اہلیہ کے اکاؤنٹ سے لکھی ہو۔