لاہور(این پی آئی)پریمئر سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں پاکستان سول ایو ی ایشن اتھارٹی اور جعفر برادرز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
علی گڑھ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیٹسول کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ نیٹسول نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ نجم الحسن 33 رنز بناکر نمایاں رہے، محمد مبین نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
سول ایوی ایشن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ مبشر علی نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، احسن باجوہ نے 36 رنز بنائے جبکہ محمد فیصل، شعیب اکرم اور عامر سہیل نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
مبشر علی کو شاندار بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں جعفر برادرز نے زمین میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کو 69 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ جعفر برادرز نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ محمد سلمان نے 44 گیندوں پر 75 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، محمد حسنین نے 41 رنز بنائے، بلال ستار نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں زمین میڈیا کی ٹیم 121 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ ندیم اکمل نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عرفان ذوالفقار نے تین اور ریحان ذوالفقار نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد سلمان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ پریمئر سپر لیگ کا فائنل اگلے ہفتے علی گڑھ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔


