چین میں ای کامرس کا شعبہ صرف خرید و فروخت تک محدود نہیں بلکہ اب یہ عام لوگوں کی روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی جزو بنتا جا رہا ہے۔ گھروں میں بیٹھے چند لمحوں میں اشیائے ضرورت منگوانا ہو، دور دراز علاقوں تک سامان پہنچانا ہو یا چھوٹے کاروبار کو نئی منڈیوں سے جوڑنا ہو، ای کامرس نے زندگی کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چین میں ای کامرس لاجسٹکس کا نظام مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔

چائنا فیڈریشن آف لاجسٹک اینڈ پرچیزنگ کی جانب سے 14 مئی کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں چائنا ای کامرس لاجسٹک انڈیکس 110.6 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جو مارچ کے مقابلے میں 0.3 پوائنٹس زیادہ ہے۔ بظاہر یہ اضافہ معمولی محسوس ہوتا ہے، لیکن معاشی سرگرمیوں کے تناظر میں یہ اس بات کی علامت ہے کہ چین میں آن لائن تجارت اور اس سے وابستہ ترسیلی نظام مسلسل مستحکم ہو رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف خریداری کا حجم ہی نہیں بڑھا بلکہ اس پورے نظام کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔ ایکسپریس ڈیلیوری کمپنیوں نے اپریل کے دوران اپنے آپریشنز کو مستحکم رکھا اور سپلائی سے متعلق کئی اہم اشاریوں میں بہتری دیکھی گئی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سامان کی ترسیل پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم، تیز اور قابلِ اعتماد بنتی جا رہی ہے۔ عام صارف کے لیے یہ تبدیلی اس وقت محسوس ہوتی ہے جب اسے اپنی منگوائی گئی چیز وقت پر اور بہتر حالت میں موصول ہوتی ہے۔

چین جیسے بڑے اور ترقی یافتہ ملک میں جہاں بڑے شہروں سے لے کر دور افتادہ دیہات تک کروڑوں لوگ آن لائن خریداری کرتے ہیں، وہاں ایک مضبوط لاجسٹک نیٹ ورک کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اپریل کے اعداد و شمار سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ پورے ملک میں ای کامرس لاجسٹکس نیٹ ورک نے مؤثر انداز میں کام جاری رکھا۔ اس نظام کی کامیابی صرف جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہی ممکن نہیں ہوئی بلکہ اس کے پیچھے مسلسل منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور صارفین کی ضروریات کو سمجھنے کی کوشش بھی شامل ہے۔

گزشتہ چند برسوں میں چین کی ای کامرس صنعت نے صرف رفتار پر توجہ نہیں دی بلکہ خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی کام کیا ہے۔ صارفین اب صرف تیز ڈیلیوری نہیں چاہتے بلکہ وہ سہولت، شفافیت اور اعتماد بھی چاہتے ہیں۔ اسی لیے لاجسٹکس کمپنیوں نے اپنے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ، ڈیجیٹل ٹریکنگ بہتر بنانے اور ترسیل کے عمل کو زیادہ آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ اس سے نہ صرف صارفین کا اعتماد بڑھا بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔

ای کامرس کا شعبہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، مقامی پیداوار کو نئی منڈیوں تک پہنچا رہا ہے اور کھپت کے رجحان کو مضبوط بنا رہا ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل اور چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے آن لائن تجارت نئی امید کے طور پر سامنے آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لاجسٹکس کا مستحکم نظام اب صرف تجارتی ضرورت نہیں بلکہ معاشی ترقی کا ایک اہم ستون بھی بن چکا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ آنے والے مہینوں میں شہریوں کے سفر اور آن لائن خریداری کی ضروریات میں مزید اضافہ ہوگا۔ موسم کی تبدیلی، تعطیلات اور مختلف تجارتی سرگرمیوں کے باعث مئی میں بھی ای کامرس لاجسٹک انڈیکس کے بتدریج بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو چین کا ای کامرس کا نظام نہ صرف اندرونِ ملک مزید مضبوط ہوگا بلکہ عالمی تجارت میں بھی اس کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ سکتی ہے۔چین کا تجربہ یہ بتاتا ہے کہ جب ٹیکنالوجی، منصوبہ بندی اور عوامی ضروریات کو ایک ساتھ جوڑ دیا جائے تو روزمرہ کی زندگی میں بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ آج چین میں ای کامرس لاجسٹکس صرف سامان پہنچانے کا ذریعہ نہیں بلکہ جدید معیشت کی دھڑکن بنتا جا رہا ہے۔