چین اور روس کے درمیان تجارت اب صرف سرحد پار سامان کی خرید و فروخت کا نام نہیں ، بلکہ یہ ایک ایسے معاشی رشتے میں بدل چکی ہے جہاں ضرورت، اعتماد اور ٹیکنالوجی تینوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے آگے بڑھ رہے ہیں۔ خاص طور پر آن لائن تجارت نے دونوں ملکوں کے درمیان فاصلے کم کر دیئے ہیں۔ زبان، ادائیگی، ٹیکس اور ترسیل جیسے مسائل، جو کبھی تاجروں کیلئے بڑی رکاوٹ سمجھے جاتے تھے، اب جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے آسان ہوتے جا رہے ہیں۔چین کے کاروباری شخص سن تیان شو اس تبدیلی کی ایک واضح مثال ہیں۔ وہ “چی فا ڈیجیٹل ٹریڈ” نامی آن لائن پلیٹ فارم کے بانی اور صدر ہیں، جو چین اور روس کے درمیان کاروباری رابطوں کو سہولت فراہم کرتا ہے۔ وہ گزشتہ 33 برس سے چین اور روس کی دو طرفہ تجارت سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اپنی آنکھوں سے وہ وقت بھی دیکھا جب دونوں ممالک کے درمیان تجارت چند ارب ڈالر تک محدود تھی، اور آج وہ مرحلہ بھی دیکھ رہے ہیں جب یہی تجارت ڈھائی سو ارب ڈالر کے قریب پہنچ چکی ہے۔ سن تیان شو کہتے ہیں کہ 1991 سے 2018 تک تقریباً 27 برسوں میں چین اور روس کی تجارت سو ارب ڈالر تک پہنچی، لیکن اس کے بعد صرف چھ برسوں میں یہ حجم تقریباً ڈھائی سو ارب ڈالر تک جا پہنچا۔ ان کے بقول اس مارکیٹ میں ابھی بھی بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ یہ الفاظ صرف کاروباری اعداد و شمار نہیں بلکہ اس بدلتی ہوئی معاشی حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں جس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کیلئے پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکے ہیں۔
روس میں چینی مصنوعات کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اب صرف سستی اشیا ہی نہیں بلکہ جدید مشینری، الیکٹرانک مصنوعات اور صنعتی آلات بھی روسی مارکیٹ میں جگہ بنا رہے ہیں۔ روس اس وقت اپنی مقامی صنعتوں کو مضبوط بنانے اور درآمدی متبادل پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اسی وجہ سے وہاں پیداوار سے متعلق مشینری اور جدید صنعتی سامان کی ضرورت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ یہاں آن لائن پلیٹ فارمز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سن تیان شو کے مطابق ان کا پلیٹ فارم سب سے پہلے زبان کی بندش کو دور کرتا ہے تاکہ خرید و فروخت میں آسانی ہو سکے۔ چینی مصنوعات کی معلومات کو ایسے روسی انداز میں ترجمہ کیا جاتا ہے جو مقامی صارفین کیلئے فطری اور قابلِ قبول ہوں۔ اس کے بعد قیمتوں کو روسی کرنسی میں اس طرح پیش کیا جاتا ہے جس میں فریٹ، ٹیرف اور مقامی ویلیو ایڈڈ ٹیکس پہلے ہی شامل ہوتے ہیں۔ یوں خریدار کو الگ الگ حساب لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی اور سرحد پار تجارت کہیں زیادہ آسان بن جاتی ہے۔یہ تبدیلی صرف کاروباری سہولت تک محدود نہیں۔ اس کے اثرات عام لوگوں کی زندگیوں میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ روسی صارفین کو بہتر معیار کی مصنوعات مل رہی ہیں جبکہ چینی صنعتوں کو نئی منڈیاں دستیاب ہو رہی ہیں۔
دوسری طرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، جو پہلے بین الاقوامی تجارت میں قدم رکھنے سے گھبراتے تھے، اب ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی مدد سے بیرون ملک خریداروں تک پہنچنے لگے ہیں۔چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے مطابق 2026 کے ابتدائی دو مہینوں میں دونوں ممالک کی تجارت 39 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی معاشی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود چین اور روس کے تجارتی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تجارت کا ڈھانچہ بھی بدل رہا ہے۔ پہلے زیادہ تر لین دین توانائی، زرعی اجناس اور خام مال تک محدود تھا، لیکن اب اس میں جدید ٹیکنالوجی، گاڑیاں، مشینی آلات اور ڈیجیٹل خدمات کا حصہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ یہی تبدیلی اس تعلق کو زیادہ پائیدار اور متوازن بنا رہی ہے۔آج کی دنیا میں تجارت صرف بندرگاہوں اور کارخانوں تک محدود نہیں بلکہ اس کا دارومدار اعتماد، معلومات اور تیز رفتار رابطوں پر بھی ہوتا ہے۔ چین اور روس کے درمیان بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل تجارت اسی نئے دور کی تصویر پیش کر رہی ہے، جہاں کمپیوٹر اسکرین کے ایک کلک سے دو مختلف زبانیں بولنے والے ملک ایک دوسرے کے مزید قریب آ رہے ہیں۔


