چین کی معیشت ایک ایسے مرحلے سے گزر رہی ہے جہاں ترقی کا انحصار صرف پیداوار کے حجم پر نہیں بلکہ معیار، جدت اور نئی ٹیکنالوجی پر بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

مئی 2026 کے تازہ معاشی اعداد و شمار اسی تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہائی ٹیک صنعتوں، جدید خدمات اور کھپت کے نئے رجحانات نے اقتصادی سرگرمیوں کو مضبوط سہارا فراہم کیا ہے، جبکہ روزگار اور قیمتوں کا مجموعی ماحول بھی مستحکم رہا ہے۔

چین کے قومی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیداوار اور رسد کا نظام مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ معیشت بھی بتدریج ایسی سمت اختیار کر رہی ہے جہاں جدت، تحقیق اور معیار کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

یہ تبدیلی صرف صنعتی شعبے تک محدود نہیں بلکہ زراعت، خدمات اور صارفین کے رویوں میں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔زرعی شعبے میں رواں سال حوصلہ افزا صورتحال سامنے آئی ہے۔ موسم گرما کی اناج کی فصل اچھی اور بہتر پیداوار کی توقع کی جا رہی ہے۔

زرعی پیداوار کسی بھی ملک کی معاشی بنیاد کا اہم حصہ ہوتی ہیں، کیونکہ اس کا براہ راست تعلق خوراک کی فراہمی، دیہی معیشت اور قیمتوں کے استحکام سے ہوتا ہے۔ اچھی فصل کی توقع نہ صرف کسانوں کے لیے خوش آئند ہے بلکہ مجموعی اقتصادی استحکام کے لیے بھی مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔

چین کےصنعتی شعبے میں بھی ترقی کی رفتار بہتر ہوئی ہے۔ مقررہ حجم سے بڑی صنعتی کمپنیوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ رواں سال اپریل کے مقابلے میں 0.4 فیصد زیادہ ہے۔ بظاہر یہ ایک عددی اضافہ ہے، لیکن اس کے پیچھے صنعتی ڈھانچے میں جاری تبدیلی زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ چین اب زیادہ قدر رکھنے والی مصنوعات اور جدید پیداواری نظام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔خاص طور پر مصنوعی ذہانت، ماحول دوست اور مربوط مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ نے مجموعی صنعتی ترقی میں تقریباً 40 فیصد حصہ ڈالا ہے، یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جدید صنعتیں چین کی اقتصادی ترقی کا اہم محرک بنتی جا رہی ہیں۔ مصنوعی ذہانت، جدید آلات اور نئی ٹیکنالوجی پر مبنی پیداوار نہ صرف مسابقت بڑھا رہی ہے بلکہ صنعتی معیار کو بھی نئی سطح پر لے جا رہی ہے۔خدمات کے شعبے نے بھی معیشت کو مضبوط سہارا دیا ہے۔

مئی میں خدمات کی پیداوار کے اشاریوں میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں تیز رفتار ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔ معلومات کی ترسیل، سافٹ ویئر اور معلوماتی ٹیکنالوجی سے متعلق خدمات نے بھی خاص طور پر بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ یہ شعبے جدید معیشت کی ضرورت سمجھے جاتے ہیں اور ان کی ترقی مستقبل کی اقتصادی سمت کا تعین کرتی ہے۔

دوسری جانب صارفین کے رویوں میں بھی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ لوگ اب صرف زیادہ خریداری نہیں کر رہے بلکہ بہتر اور معیاری خدمات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ جنوری سے مئی کے دوران خدمات کی خوردہ فروخت میں 5.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کی خدمات سے متعلق ضروریات اور خواہشات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس شعبے میں مزید مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔آن لائن خریداری، ڈیجیٹل خدمات اور ماحول دوست مصنوعات بھی تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔

یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ نئی نسل کی معیشت میں ٹیکنالوجی اور ماحولیات دونوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہی عوامل مستقبل میں اقتصادی ترقی کے نئے ذرائع بن سکتے ہیں۔ روزگار کے شعبے میں بھی صورتحال مجموعی طور پر مستحکم رہی۔ مئی میں شہری علاقوں میں سروے کی بنیاد پر بے روزگاری کی شرح 5.1 فیصد رہی، جو اپریل کے مقابلے میں 0.1 فیصد کم ہے۔ روزگار میں استحکام کسی بھی معیشت کی مضبوطی کا اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس کا تعلق براہ راست عوام کی آمدنی اور معیارِ زندگی سے ہوتا ہے۔مجموعی طور پر دیکھا جائے تو چین کی معیشت اس وقت ایک ایسی تبدیلی سے گزر رہی ہے جہاں روایتی ترقی کے ساتھ ساتھ جدت، جدید صنعت، ڈیجیٹل خدمات اور اعلیٰ معیار کی کھپت کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔

یہی عناصر نہ صرف موجودہ ترقی کو سہارا دے رہے ہیں بلکہ مستقبل کی اقتصادی بنیادوں کو بھی مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔