سڈنی(ای پی آئی)معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ٹینس کو خیرباد کہتے ہوئے جذباتی ہوگئیں، کیرئیر کے آخری میچ کے بعد گفتگو کے دوران وہ آبدیدہ ہوگئیں۔
ثانیہ مرزا اور آسٹریلین اوپنر روہن بوپنا کی جوڑی کو آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست ہوگئی، بھارتی جوڑی کو فائنل میں برازیلین جوڑی سے7-6 اور 6-2 سے شکست ہوئی۔
میچ بعد گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے آبدیدہ ہوتے ہوئے اظہار خیال کیا، ٹینس اسٹار نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ یہاں میں متعدد بار کھیلا اور کئی ٹورنمنٹ میں فتح حاصل کی، میرا پروفیشنل کیریئر میلبرن سے شروع ہوا اور اپنا کیریئر ختم کرنے کے لیے اس سے اچھے ارینا کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔
اسی دوران شائقین نے تالیاں بجا کر حوصلہ افزائی کی۔36 سالہ ثانیہ مرزا کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنے بیٹے کے سامنے اپنے کریئر کا آخری میچ کھیلوں گی، اس لیے یہ میرے لیے بہت خاص موقع ہے کہ میں اپنے 4 سالہ بیٹے اور اپنے والدین کے سامنے میں نے اپنا آخری فائنل کھیلا۔


