کینیا کے دو مرتبہ اولمپک چیمپئن ایلیوڈ کیپچوگے نے میلبرن میراتھون جیت کر ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے، 9 منٹ اور 10 سیکنڈ میں طے کیا اور دو سیکنڈ کے فرق سے میلبرن میراتھون کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

41 سالہ ایلیوڈ کیپچوگے کے کیریئر میں میراتھون کی یہ 17ویں فتح ہے۔ انہوں نے تین سال کے وقفے کے بعد کسی میراتھون میں کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل وہ آخری مرتبہ 2023 میں برلن میراتھون جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

کامیابی کے بعد ایلیوڈ کیپچوگے نے کہا کہ ان کا جسم اب بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے قابل ہے اور وہ نئی نسل کے ایتھلیٹس کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر رسیدہ ایتھلیٹس بھی اب تک مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ دوڑ کر انہیں خوشی ہوتی ہے۔

میلبرن میراتھون میں آسٹریلیا کے تھامس ڈو کانٹو نے 2 گھنٹے، 10 منٹ اور 35 سیکنڈ میں ریس مکمل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ان کے ہم وطن ریس ایڈورڈز 2 گھنٹے، 14 منٹ اور 33 سیکنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔