اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں منعقد ہونا ہے۔

اسلام آباد پاکستان نے بھارت میں آئندہ سال شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں قومی ویٹرنز کرکٹ ٹیم اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہیں کر سکے گی۔ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہ ملنے کے بعد کیا گیا ہے۔ اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں منعقد ہونا ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں ہونے والے گزشتہ ایڈیشن میں کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، تاہم آئندہ مقابلے میں شرکت نہ کرنے کے باعث ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کر سکے گی۔ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عرفان احمد کے مطابق  ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان نے ایکس پر بتایا کہ ٹیم کی شرکت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے باضابطہ اجازت طلب کی گئی تھی۔  فواد اعجاز خان کے مطابق بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی فراہمی اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔ تاہم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انہیں آگاہ کیا کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے بعد ایسوسی ایشن نے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔ فواد اعجاز خان نے آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایڈیشن جیت کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، اس لیے آئندہ مقابلے میں شرکت نہ کرنا ٹیم کے لیے مایوس کن ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اوور 50 کرکٹ میں 50 سال یا اس سے زائد عمر کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ اس طرز کے مقابلوں میں سابق فرسٹ کلاس اور بین الاقوامی کھلاڑیوں سمیت تجربہ کار کرکٹرز کو قومی سطح پر کھیلنے اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع ملتا ہے۔پاکستان نے 2025 کے ایڈیشن میں کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا، لیکن حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث ٹیم 2027 کے مقابلے میں شرکت نہیں کرے گی۔