اسلام آباد(ای پی آئی) پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے فیصل آباد میں جدید ڈیری پروسیسنگ پلانٹ کے قیام کے لیے 55 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت پاکستان کی کمپنی انٹرلوپ ہولڈنگز اور ترکیہ کی کمپنی ریلا گِدا مشترکہ طور پر جدید ڈیری پروسیسنگ پلانٹ قائم کریں گی۔ اس منصوبے کا مقصد دودھ کی جدید طریقوں سے پراسیسنگ، ڈیری مصنوعات کی تیاری اور مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا ہے۔
مجوزہ پلانٹ میں پنیر، مکھن اور وہے پروٹین تیار کی جائے گی۔ ان مصنوعات کی تیاری سے پاکستان میں ڈیری مصنوعات کی مقامی پیداوار اور جدید پراسیسنگ کی صلاحیت میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری سے ملکی صنعت کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
منصوبے کے فعال ہونے کے بعد کمپنی کی سالانہ دودھ پراسیسنگ صلاحیت بڑھ کر 180 ملین لیٹر تک پہنچ جائے گی۔ اس توسیع سے ڈیری سیکٹر میں صنعتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں کے لیے معیاری مصنوعات کی تیاری میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
منصوبے کے ذریعے پاکستان کی ویلیو ایڈڈ برآمدات میں اضافے اور ڈیری صنعت کی ترقی کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ جدید پروسیسنگ سہولتوں کے قیام سے مقامی خام مال کو زیادہ قدر والی مصنوعات میں تبدیل کرنے کے مواقع بھی بڑھ سکتے ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سامنے آنے والا یہ سرمایہ کاری منصوبہ پاکستان کے زرعی اور غذائی شعبوں میں صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور برآمدی صلاحیت میں اضافے کی کوششوں کا حصہ ہے۔


