گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات اور سفر کے باعث صحت پر پڑنے والے اثرات کے پیشِ نظر کچھ عرصے کے لیے شوبز کی سرگرمیوں سے دور رہنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس وقت ان کی اولین ترجیح اپنی صحت کو بہتر بنانا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ پیغام میں دانیا ل ظفر نے کہا کہ مسلسل کام کے بوجھ کی وجہ سے وہ اب یہ شدت سے محسوس کر رہے ہیں کہ وہ اپنی ہمت اور برداشت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔
گلوکار کے مطابق گزشتہ 2 برسوں کے دوران وہ مسلسل سفر اور شوٹنگز کے شیڈول میں رہے، یہاں تک کہ ان کے لیے کسی ایک شہر یا جگہ پر چند دن سے زیادہ رکنا بھی ممکن نہ رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاری اور موسیقی جیسے دو انتہائی سخت اور مختلف شعبوں کو بیک وقت وقت دینا بے حد مشکل ثابت ہوا، جس نے ان کی جسمانی و ذہنی توانائی کو بری طرح متاثر کیا۔
دانیال ظفر حال ہی میں ڈرامہ سیریلز ’رقص‘ اور ’زنجیریں‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیے تھے۔ وہ اپنے نئے اسٹوڈیو البم ’اسٹورمز اینڈ سیرنیٹی‘ کی تشہیر میں بھی مصروف تھے، جسے ہفتے کے روز ریلیز کیا جانا طے تھا۔ ان کے عارضی وقفے کے اعلان کے بعد البم کی تشہیری سرگرمیوں اور آئندہ پیشہ ورانہ مصروفیات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔


