کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق گلین میکسویل نے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
گلین میکسویل جارحانہ بیٹنگ اور آف اسپن بولنگ کے باعث شہرت رکھتے تھے۔ وہ دو مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہے اور چیمپئنز ٹرافی کے بعد پہلے ہی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔
ان کے کیریئر کی یادگار ترین اننگز 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف تھی، جب آسٹریلیا نے 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ میکسویل نے ناقابلِ شکست 201 رنز بنائے اور پیٹ کمنز کے ساتھ 202 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو 293 رنز کا ہدف عبور کرایا۔
ستمبر 2012 میں انہوں نے پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔ اس کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کی، جن میں 2 ہزار 897 رنز بنائے اور 51 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 145 رنز رہا۔
میکسویل نے 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور آسٹریلیا کی جانب سے مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھارت کے خلاف 104 رنز تھا، جب کہ 127 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنا ان کی بہترین بولنگ کارکردگی رہی۔
اپنی جارحانہ بیٹنگ اور چھکے لگانے کی صلاحیت کے باوجود میکسویل کچھ عرصے سے خراب فارم کا شکار تھے، جس کے باعث انہوں نے جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔


