لاہور : شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یومِ ولادت کے موقع مزارِ اقبال پر تبدیلیِ گارڈز کی پروقار تقریب میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

تفصیلات کے مطابق مفکرِ پاکستان، شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یومِ ولادت کے موقع پر مزارِ اقبال پر تبدیلیِ گارڈز کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تھے۔

ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پرمنتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، سیاستدان کی حیثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کی قیام کی بنیاد بنا۔

علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی۔ انہیں نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین اورعقاب جیسے القابات سے بھی پکارا۔

علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی سمجھا جاتا ہے، شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ ان کے فلسفے کی پوری دنیا معترف ہے۔ ان کی شاعری کے مجموعوں میں بانگ درا، زبور عجم، بال جبریل، ضرب کلیم، جاوید نامہ اور پیام مشرق مشہورہیں۔

تقریب کے آغاز میں مہمانِ خصوصی نے مزارِ اقبال پر گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز (پنجاب) اور پاک بحریہ کے دستوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنی اعزازی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گیا، جس کے بعد پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی.