ٹاس جیت کر سری لنکا کا پہلے بولنگ کا فیصلہ،سعود شکیل 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ، غازی غوری 7 رنز بنا کر کریز پر موجود، اسیتھا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم میں طیب عارف، محمد طحہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان نے ڈیبیو کیا۔
راولپنڈی (ای پی آئی) پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لیے، ڈیبیو کرنے والے اوپنر طیب عارف اور محمد طحہٰ سمیت قومی ٹیم کے چار کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کپتان بابر اعظم نے بھی 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کرنا پڑا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ سری لنکا کے کپتان کوسل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچ فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اسی وجہ سے مہمان ٹیم نے کسی تجربہ کار اسپنر کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اذان اویس اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے ابتدائی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی۔ اذان اویس 30 رنز بنا کر ملن رتنائیکے کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
طیب عارف نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 57 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 90 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔
کپتان بابر اعظم نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 35ویں نصف سنچری مکمل کی، تاہم وہ 50 رنز بنا کر دلشان مدوشاناکا کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 159 رنز تھا۔
ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے محمد طحہٰ نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 51 رنز بنائے، تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کی پانچویں وکٹ 253 رنز پر گری۔
دوسری جانب سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کا ساتھ دینے کے لیے غازی غوری 7 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
پہلے روز خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔ اس وقت تک 67.2 اوورز کا کھیل ہو چکا تھا اور پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دلشان مدوشاناکا، ملن رتنائیکے اور سونل ڈینوشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم میں چار کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا جن میں اوپنر طیب عارف، محمد طحہٰ، آل راؤنڈر عرفات منہاس اور فاسٹ بولر ثاقب خان شامل ہیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ ٹیم کو پہلے سیشن میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی اور انہوں نے چار کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ڈیبیو کی بھی تصدیق کی تھی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، اذان اویس، محمد طیب عارف، سعود شکیل، محمد طحہٰ، سلمان علی آغا، غازی غوری، رضا اللہ، عرفات منہاس، محمد عباس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کوسل مینڈس (کپتان)، لاہیرو اودارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کمنڈو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونل ڈینوشا، ملن رتنائیکے، لاہیرو کمارا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشاناکا پر مشتمل ہے۔


