نواب شاہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، سکیورٹی امور اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ محسن نقوی نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرالیں، اگر عوام کی رائے میں صوبے بنانے کی حمایت ہو تو نئے صوبے بنا دیے جائیں۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور صوبے میں امن و امان کے معاملات بھی زیر بحث آئے، جبکہ ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سیاسی حلقوں میں ملک کو ری سیٹ کرنے سے متعلق حالیہ بیانات کے تناظر میں اس ملاقات کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔