پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے جیل میں وکلا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بھی مزید منظورِ نظر افراد کو ملاقات کے لیے بھیجا جا سکتا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے کچھ مقاصد تھے اور ملاقات کے دوران سیاسی بات کرنے کا موقع بھی دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ذرا سا بھی اشارہ کریں گے تو وہ انہیں سلام کرکے آگے بڑھ جائیں گے۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ گورننس بہتر بنانے کے لیے چھوٹے صوبے اور انتظامی یونٹس ہونے چاہئیں، تاہم جبر کے ماحول اور ووٹ کی بے توقیری کے دوران اتنا بڑا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بنانے کا فیصلہ اسی وقت ممکن ہے جب ووٹ درست طریقے سے گنے جائیں اور نظام میں شفافیت ہو۔ آئین میں ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کی گنجائش نہیں، اس کے لیے آئین میں بنیادی تبدیلی کرنا ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب پورے نظام میں ووٹ کی حرمت نہیں تو ریفرنڈم کی حرمت کیسے قائم ہوگی؟ پہلے یہ طے کرنا ہوگا کہ آئینی تبدیلی کے ذریعے ریفرنڈم کی طرف جانا ہے تو ووٹ کی حرمت کیسے یقینی بنائی جائے۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے موجودہ اسمبلی کی آئینی ترمیم سے متعلق واضح ہدایات نہیں آئیں، تاہم اسمبلی سے متعلق ان کا مؤقف واضح ہے، اسی لیے پی ٹی آئی نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو تسلیم نہیں کیا۔