پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق قومی کرکٹر محمد یوسف اور سابق ویمن کرکٹ کپتان ثناء میر کو پاکستان کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل کر لیا ہے۔
محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے عمل میں آیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
ان دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں پاکستان کے 14 نامور کرکٹرز شامل تھے، جن میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہیں۔
دوسری جانب ثناء میر نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 226 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
واضح رہے کہ محمد یوسف اور ثناء میر کی شمولیت کے بعد پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرکٹرز کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی ہے۔


