اسلام آباد(ای پی آئی)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہےتو حکومت سہولت فراہم کرےگی۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے عمران خان کی سرجری تجویز کی تو حکومت اس کے لیے بھی سہولت فراہم کرے گی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، ناکامی کے بعد بات چیت پر آمادہ ہوئے۔ حکومت نے معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ انکار کرتے رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی پالیسی ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل حل کرنا ہے، جبکہ کسی ڈیل یا ڈھیل کا تاثر درست نہیں۔

صوبوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا، اس پر کسی ایک شخص کی بات سے فیصلہ نہیں ہوسکتا بلکہ پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث ہوگی۔