پشاور(ای پی آئی)مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ایمل ولی خان کا کہنا ہے مجوزہ طور پر ہری پور کو خیبرپختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہری پور کو خیبرپختونخوا سے الگ کرنا محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ صوبے کے آئینی حقوق کا اہم معاملہ ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہری پور اور صوابی دونوں تربیلا ڈیم سے جغرافیائی طور پر منسلک ہیں، جبکہ ڈیم کی بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر واقع ہیں۔
ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ہری پور کو الگ کرنے سے قبل یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ اس اقدام سے خیبرپختونخوا کے خالص پن بجلی منافع، این ایف سی میں حصے، وسائل، آبادی اور ترقیاتی حقوق پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
صدر اے این پی نے مزید کہا کہ انتظامی اصلاحات عوام کی سہولت اور بہتر حکمرانی کے لیے ہونی چاہئیں، نہ کہ صوبوں کے آئینی حقوق کو غیر یقینی بنانے کے لیے۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور کو الگ کرنے کے اثرات پہلے واضح کرنا ضروری ہیں، کیونکہ اس اقدام سے آئین کے آرٹیکل 161(2) کے تحت خیبرپختونخوا کے خالص پن بجلی منافع کے حق اور این ایف سی میں صوبے کے حصے پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 239(4) اس حوالے سے واضح ہے، انتظامی اصلاحات عوام کی سہولت اور بہتر حکمرانی کے لیے ہونی چاہئیں، اصلاحات وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے ہوں، صوبوں کے حقوق غیریقینی بنانے کے لیے نہیں۔
ایمل ولی خان نے مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت ایسی کسی بھی تجویز کی تفصیلات پارلیمان کے سامنے رکھے، تجویز کی قانونی بنیاد اور مکمل مالی و آئینی اثرات عوام کے سامنے رکھے جائیں، خیبرپختونخوا کی سرزمین، وسائل اور آئینی حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے، حقوق سے متعلق کوئی فیصلہ صوبے کے عوام اور آئینی نمائندوں کو نظرانداز کرکے نہیں کیا جا سکتا۔


