عدالت کی اجازت اور ماں کی رضامندی کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ بنیادی حقوق کے منافی قرار

لاہور(ای پی آئی)لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت اور ڈی این اے ٹیسٹ سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ شادی کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی ولدیت محض نجی ڈی این اے رپورٹ کی بنیاد پر ختم نہیں کی جاسکتی، جبکہ عدالت کی اجازت کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔*

جسٹس اسد علی باجوہ نے اسامہ طاہر اور دیگر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ یکطرفہ طور پر کرایا گیا نجی ڈی این اے ٹیسٹ قانونی طور پر بچے کی ولدیت کا حتمی ثبوت نہیں ہوسکتا۔ عدالت نے بچے کی ولدیت سے انکار کے لیے برطانیہ کی نجی لیبارٹری سے حاصل کردہ ڈی این اے رپورٹ بھی مسترد کر دی۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ ماں کی رضامندی کے بغیر بچے کے جسمانی نمونے حاصل کرکے ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے معاملے میں بچے کی عزت نفس، رازداری اور ذہنی و جذباتی تحفظ کو مقدم رکھنا ضروری ہے۔ محض سائنسی سہولت یا فریقین کی خواہش پر بچے کا ڈی این اے ٹیسٹ نہیں کرایا جاسکتا بلکہ اس سے پہلے بچے کے بہترین مفاد اور بنیادی حقوق کا جائزہ لینا لازم ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے مطابق بچہ اس کا نہیں، اس لیے اس پر بچے کا نان و نفقہ عائد نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم لاہور ہائیکورٹ نے فیملی کورٹ اور ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ کے فیصلوں کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 14 کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ شق انسانی عزت و وقار اور نجی زندگی کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے۔ درست نکاح کے دوران چھ قمری ماہ سے زائد مدت میں پیدا ہونے والا بچہ شوہر کی قانونی اولاد تصور ہوگا، جبکہ بچے کی ولدیت کو چیلنج کرنے کے لیے والد کو پیدائش کے بعد 40 روز کے اندر قانونی اقدام کرنا ہوگا۔

لاہور ہائیکورٹ نے نابالغ بچے کا ماہانہ نان و نفقہ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھا۔ عدالت کے مطابق بچے کے نان و نفقہ میں خوراک، لباس، رہائش، تعلیم اور علاج معالجے کے اخراجات کے ساتھ جسمانی، ذہنی اور جذباتی نشوونما کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

عدالت نے بیوی کے جہیز کے سامان کی متبادل قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔