جسٹس حسن اظہر رضوی کا 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا
اسلام آباد(ای پی آئی)وفاقی آئینی عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق ڈائریکٹر جنرل سلیم شہزاد کے خلاف جاری چارج شیٹ، الزامات اور محکمانہ کارروائی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سلیم شہزاد کی اپیل منظور کرلی۔*
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کیس کا 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا ہے کہ سلیم شہزاد کی ڈگری سے متعلق نیب خود سپریم کورٹ میں تصدیق کرچکا ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق تقریباً دو دہائیوں بعد کسی نئے شواہد کے بغیر دوبارہ تحقیقات شروع کرنا اور پہلے سے مرتب کردہ رپورٹ کے برعکس کارروائی کرنا درست نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ سلیم شہزاد کی نیب میں تقرری کے وقت ان پر کسی قسم کے فریب، جعل سازی یا غلط بیانی کا الزام عائد نہیں کیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سابق ڈی جی نیب کے خلاف چارج شیٹ، عائد کردہ الزامات اور ان کی بنیاد پر شروع کی گئی تمام کارروائی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔ اس طرح سلیم شہزاد کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل منظور کرلی گئی۔


